بیجنگ//چین کے دارالحکومت بیجنگ میں گزشتہ 13 روز سے کرونا وائرس کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا، جس کے بعد صحت کے حکام نے بیجنگ کے رہائشیوں کو ماسک پہننے کی پابندی سے آزاد کر دیا ہے۔ ماسک پہننے کی پابندی اٹھانے کے ساتھ ساتھ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے سے متعلق عائد دیگر پابندیوں میں بھی نرمی کی جا رہی ہے۔ماسک کی پابندی کے خاتمے کے باوجود جمعے کو بیجنگ کے اکثر شہری ماسک کے ساتھ ہی اپنے گھروں سے باہر نکلے۔کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ ماسک پہننے سے وہ خود کو محفوظ تصور کرتے ہیں، جب کہ کئی افراد نے یہ بھی کہا کہ وہ معاشرتی دباؤ کی وجہ سے اب بھی ماسک پہن رہے ہیں۔یہ دوسرا موقع ہے کہ بیجنگ کے محکمہ صحت نے دارالحکومت میں فیس ماسک کی پابندی میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔'میونسپل سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول' نے پہلی مرتبہ اپریل کے آخر میں بیجنگ میں ماسک کی پابندی میں نرمی کا اعلان کیا تھا، لیکن جون میں شہر کے جنوبی حصے کی ایک بڑی ہول سیل مارکیٹ میں کرونا وائرس پھیلنے کے بعد دوبارہ ماسک کی پابندی کے احکامات جاری کر دیے گئے تھے۔