نئی دہلی//بھارت نے پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے اُس بیان کو ’’غیر ذمہ دارانہ‘‘ اور ’’بعید از قیاس‘‘ قراردیتے ہوئے رد کیا جس میں انہوں نے کہاتھا کہ بھارت16اور20اپریل کے درمیان پاکستان پرحملہ کرنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے ایک تُرش بیان میں کہاکہ پاکستانی وزیرخارجہ کے بیان کامدعاخطے میں جنگی جنون کوہوادینا ہے ۔ کمار نے کہا ’’بھارت پاکستان کے وزیرخارجہ کے غیرذمہ دارانہ اور بعیدازقیاس بیان کو مسترد کرتا ہے جس کا صاف مقصد خطے میں جنگی جنون کو ہوا دینا ہے ۔لگتا ہے یہ انوکھی کَل پاکستان میں مقیم دہشت گردوں کو بھارت میں دہشت گردانہ حملہ کرنے کااشارہ ہے۔‘‘