بہتر مستقبل کیلئے امن وسکون لازمی :الطاف بخاری

سرینگر//اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے کہاہے کہ جموں وکشمیر کی خوشحالی کے لئے امن وسکون انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے جمعہ کو جموں کے سنجواں علاقہ میںپیش آئے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا جس میں تصادم کے دوران ایک افسر کی قیمتی جان تلف ہوئی اور کم سے کم نو افراد زخمی ہوگئے۔ سیکورٹی فورسز نے اس حملے میں دو ملی ٹینٹوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ اپنی پارٹی لیڈر نے کہاکہ تشدد اور ملی ٹینسی نے جموں وکشمیر کے لوگوں کی خوشحالی کو تباہ و برباد کر دیا جس کے جموں کشمیر کی سماجی اور اقتصادی حالت پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ چونکہ یہ جھڑپ وزیر اعظم کے سانبہ ضلع کے طے شدہ دورے سے صرف دو دن قبل ہوئی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عسکریت پسند جموں و کشمیر کے پرامن ماحول کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات یوٹی میں امن عمل میں رکاوٹ نہیں بنیں گے۔ انہوں نے جاں بحق ہونے والے افسر کے اہل خانہ اور حملے میں زخمی ہونے والوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھیں اور آپسی بھائی چارے کو نقصان پہنچانے والے تشدد کے واقعات کی اجازت نہ دیں۔