سرینگر//تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے کہا ہے کہ بانڈی پورہ سرینگر سڑک پروجیکٹ پر کام شدو مد سے جاری ہے اور اس پروجیکٹ کے مکمل ہونے کے بعد وہ لوگ واپس بانڈی پورہ آجائیں گے جنہوں نے وہاں سے سڑک کے بہتر رابطے نہ ہونے کی وجہ سے ہجرت کر رکھی ہے۔بانڈی پورہ کے دورے کے دوران وزیر موصوف نے اس پروجیکٹ کی پیش رفت کا جائیزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سونہ واری سے سرینگر تک بہتر سڑک تعمیر کر رہی ہے۔وزیر نے کہا کہ کافی تعداد میں لوگ بانڈی پورہ سے سرینگر آئے ہیں کیوں کہ وہ خراب سڑکوں کی وجہ سے روزانہ کی بنیادوں پر سرینگر نہیں آسکتے تھے۔وزیر نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول آرہ گام بانڈی پورہ کے اضافی بلاک کا بھی افتتاح کیا جو97.63 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔ایم ایل اے بانڈی پورہ عثمان مجید اور ضلع ترقیاتی کمشنر بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔ وزیر نے کہا کہ اس عمارت کے مکمل ہونے سے طُلباء کے مسائل کافی حد تک کم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سکول احاطے میں ایک بور ویل قائم کیا جائے گا اور احاطہ کی تار بندی بھی کی جائے گی۔لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سرکاری سکیموں سے استفادہ کر کے باعزت طریقے سے اپنا روز گار کمائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے علاوہ میں پانچ دیہات پر مبنی ایک ہنی کلسٹر قائم کیا ہے کیوں کہ اس ضلع میں شہد کی پیداوار کے کافی وسائل موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے روز گار کے کافی وسائل بھی پیدا ہوں گے۔بعد میں وزیر نے ارن نالہ پر7.89 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہورہے پُل کا سنگ بنیاد رکھا۔دورے کے دوران مختلف مقامات پرکئی عوامی وفود بھی وزیر سے ملاقی ہوئے۔ انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ اُن کے مطالبات کو مرحلہ وار طریقہ پر پوراکیا جائے گا۔