عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//الیکشن کمیشن نے بہار میں اسمبلی انتخاب کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے آج پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ بہار میں اسمبلی انتخاب 2 مراحل میں 6 اور 11 نومبر کو کرائے جائیں گے۔ ووٹ شماری 14 نومبر کو ہوگی، یعنی ریزلٹ 14 نومبر کی دیر شام تک سامنے آ جائے گا۔ انھوں نے یہ بھی مطلع کیا کہ انتخابی عمل 16 نومبر تک انجام پا جائے گا۔قابل ذکر ہے کہ بہار میں ایسا پہلی بار ہو رہا ہے جب اسمبلی انتخاب محض 2 مراحل میں کرائے جا رہے ہیں۔ 2020 میں اسمبلی انتخاب 3 مراحل میں کرائے گئے تھے، جبکہ 2015 میں 5 مراحل میں انتخابات ہوئے تھے۔ بہرحال، چیف الیکشن کمشنر نے پریس کانفرنس میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ اس مرتبہ پہلے مرحلہ میں (6 نومبر کو) 121 اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی، جبکہ دوسرے مرحلہ میں (11 نومبر کو) 122 اسمبلی سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔ انھوں نے یہ بھی مطلع کیا کہ بہار کی 243 اسمبلی سیٹوں میں 203 جنرل کیٹگری میں ہیں، جبکہ درج فہرست ذات کے لیے 38 سیٹیں ریزرو ہیں اور درج فہرست قبائل کے لیے 2 سیٹیں ریزرو ہوں گی۔بہار میں ووٹرس سے متعلق تفصیل پیش کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ تقریباً 3.92 کروڑ مرد ووٹرس اور 3.40 کروڑ خاتون ووٹرس اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکیں گے۔ اس مرتبہ بہار میں تقریباً 14 لاکھ ووٹرس ایسے ہیں جو پہلی مرتبہ ووٹ ڈایں گے۔چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے پریس کانفرنس میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ بہار اسمبلی انتخاب میں سبھی پولنگ بوتھ پر ویب کاسٹنگ کا انتظام ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ ووٹنگ کے عمل کو شفاف اور آسان بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی گئی ہے۔ ووٹرس کی سہولت کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ یقینی بنایا جائے گا کہ ایک بوتھ پر 1200 سے زائد ووٹرس نہ ہوں۔ الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق بہار میں مجموعی طور پر 90712 پولنگ مراکز بنائے گئے ہیں، جہاں اوسطاً فی مرکز 818 ووٹرس رجسٹرڈ ہیں۔ ان میں سے 76801 پولنگ مراکز دیہی علاقوں میں ہیں، جبکہ 13911 شہری علاقوں میں واقع ہیں۔ الیکشن کمشنر نے یہ بھی جانکاری دی کہ 1350 ماڈل پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں تاکہ ووٹرس کو بہتر سہولیات مل سکیں۔
عآپ کی 11امیدواروں کی فہرست جاری
عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//ایک طرف الیکشن کمیشن کے ذریعہ بہار اسمبلی انتخاب کے لیے تاریخوں کا اعلان کیا جا رہا تھا، اور دوسری طرف اس پریس کانفرنس سے عین قبل عام آدمی پارٹی نے 11 اسمبلی سیٹوں کے لیے اپنے امیدواروں کا اعلان کر سبھی کو حیران کر دیا۔ عآپ نے امیدواروں کی اپنی پہلی فہرست جاری کرتے ہوئے صاف کر دیا کہ وہ بہار میں اپنی پوری طاقت کے ساتھ میدان میں اترنے والی ہے اور جلد ہی انتخابی تشہیر کے لیے سرکردہ لیڈران بھی ریاست کا دورہ کریں گے۔عآپ کے ذریعہ امیدواروں کی جاری پہلی فہرست میں مطلع کیا گیا ہے کہ بیگو سرائے اسمبلی سیٹ سے میرا سنگھ اور پٹنہ ضلع کی پھلواری اسمبلی سیٹ سے ارون کمار رَجک کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ اسی طرح سیتامڑھی کی پریہار سیٹ سے اکھلیش نارائن ٹھاکر اور موتیہاری کی گووند گنج سیٹ سے اشوک کمار سنگھ کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ عآپ نے اپنے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کرنے کے ساتھ ہی ریاست میں ایک شاندار صحت خدمات فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔غور کرنے والی بات یہ ہے کہ امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کرنے سے عین قبل عآپ کی بہار یونٹ کے ’ایکس‘ ہینڈل سے ایک پوسٹ جاری کی گئی، جس میں بی جے پی کو ہدف تنقید بنایا گیا ہے۔ حالانکہ اس پوسٹ میں گوا کی بی جے پی حکومت پر حملہ کیا گیا ہے۔ اس میں لکھا گیا ہے کہ ’’13 سالوں میں بی جے پی نے غنڈہ راج، غیر قانونی کانکنی اور بدعنوانی کے ذریعے گوا کو تباہ کر دیا۔