بھیروسنگھ شیخاوت کی یادگار | راجستھان اردو اکیڈمی میں تالابندی افسوسناک: یو ڈی او

یواین آئی

نئی دہلی//اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (یو ڈی او) کے قومی صدر ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے گزشتہ ماہ راجستھان اردو اکیڈمی میں تالابندی کو انتہائی افسوسناک قرار دیا۔ڈاکٹر سید احمد خاں نے کہا ’’ 1980 میں جنتا پارٹی کے دور اقتدار میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ آنجہانی بھیروسنگھ شیخاوت نے راجستھان اردو اکیڈمی قائم کی تھی اور اس کی بہت شاندار کارکردگی بھی رہی اور ماہنامہ نخلستان کی اشاعت بھی ہوئی تھی۔ مگر افسوس کہ صوبائی حکومت کی عدم توجہی کی وجہ سے راجستھان اردو اکیڈمی میں کئی برسوں سے آفس اسٹاف کا تقرر عمل میں نہیں آیا اور راجستھان کی ایک عظیم شخصیت سابق وزیر اعلیٰ راجستھان اور سابق نائب صدر جمہوریہ بھیروسنگھ شیخاوت کی یادگار راجستھان اردو اکیڈمی میں تالابندی ہوگئی۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ راجستھان یونیورسٹی کے شعبہ اردو اور اس کے تحت آنے والے کالجوں میں بھی اردو اساتذہ کی شدید قلت ہے۔ اگر یہی حالات رہے تو کبھی بھی شعبہ اردو میں تالابندی ہوجائے گی۔ ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے کہا کہ اردو زبان نہ صرف گنگا جمنی تہذیب کی پاسبان ہے بلکہ بھارتیہ ثقافت و تمدن کی امین بھی ہے۔ اس لیے لازمی طور پر حکومت راجستھان ریاست میں اردو کے بجھتے ہوئے چراغوں کو روشن کرنے کی طرف فوری توجہ دے نیز راجستھان اردو اکیڈمی کی تشکیل نو کے ساتھ اس میں ضرورت بھر اسٹاف کا تقرر جلد ازجلد کیا جائے۔