ڈوڈہ//بھلیسہ یونائٹڈ فرنٹ ،اندروال یوتھ کانگریس کے صدر عبدالمجید راہی اور بھلیسہ کے متعدد سیاسی و سماجی کارکنان نے پی ڈی پی لیڈر محبوب اقبال شیخ کے ایم ایل اے اندروال اور اہلیانِ بھلیسہ کے خلاف ہتک آمیز بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔فرنٹ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایم ایل اے اندروال نے اور نہ ہی بھلیسہ کے لوگوں نے کوئی غلط بات کی ہے،مگر محبوب اقبال شیخ ایم ایل اے اندروال کے بیان کو توڑ مروڑ کر اور اہلیانِ بھلیسہ کے مطالبے کو غلط رنگ دے کر بھدرواہ کے لوگوں کو گمراہ کر کے سیاسی فائدہ حاصل کر نا چاہتے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ایم ایل اندروال یا بھلیسہ کے لوگوں نے بھدرواہ میں اے ڈی سی کے دفتر کے قیام کی قطعاً مخالفت نہیں کی ہے بلکہ انہوں نے اس کا خیر مقدم کرتے ہوئے اہلیانِ بھدرواہ کو مبارک باد پیش کی ہے۔وہ مخالفت صرف بھلیسہ کو بھدرواہ کے ساتھ منسلک کرنے کے فیصلے کی کرتے ہیں کیوں یہ فیصلہ بھلیسہ کے لوگوں کے لئے کسی بھی لحاظ سے مفید نہیں ہے بلکہ اس سے اُن کے لئے مشکلات اور مسائل پیدا ہو گئے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سروڑی نے حق گوئی سے کام لیتے ہوئے بھلیسہ کے لوگوں کے جذبات اور خیالات کی ترجمانی کی ہے ۔فرنٹ نے محبوب اقبال شیخ سے کہا ہے کہ وہ بھلیسہ اور بھدرواہ کے لوگوں کو ایک نظر سے دیکھیں اور اپنے منفی سیاست اور حقیر مقاصد کو ایک طرف رکھ کر اپنے ضمیر سے پوچھیں کہ کیا بھلیسہ کے لوگوں کو بھدرواہ اے ڈی سی کے دائرۂ کار میںلانے کا فیصلہ درست ہے اور یہ بھی بتائیں کہ اس سے بھلیسہ کے لوگوں کو کون سے فائدہ یا سہولت حاصل ہو گی۔بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فرنٹ مفاد پرستوں لیڈروں اور اُن کے کے گمراہ کن بیانات کی شدید مذمت کرتا ہے اور بھلیسہ کو بھدرواہ کے ساتھ منسلک کرنے کے فیصلے کی منسوخی کے لئے جاری جدوجہد میں اس قسم کے بیانات سے مزید تیزی آئے گی۔فرنٹ نے ایم ایل اے اندروال کی حقیقت پسندی اور حق گوئی کو سراہتے ہوئے اُن کا شکریہ ادا کیا ہے کہ اُنہوں نے اہلیانِ بھلیسہ کی ترجمانی اور نمائندگی کی ہے۔اُدھر اندروال یوتھ کانگریس کے صدر عبدالمجید راہی کے علاوہ متعد د دیگر افراد نے بھی محبوب اقبال شیخ کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھلیسہ کے لوگوں کے تئیں جن ہتک آمیز الفاظ کا اُنہوں نے استعمال کیا ہے اُس سے اُن کی ذہنیت کا پتہ چلتا ہے۔اُنہوں نے کہا ہے کہ محبوب اقبال کو سمجھنا چاہیے کہ آج کا دور شخصی حکومت کا نہیں بلکہ جمہوریت کا دور ہے اور آج کے دور میں کسی ایک علاقہ پر کسی دوسرے علاقہ کی بالا دستی قائم نہیں کی جا سکتی کیوں کہ جمہوریت میں ہر ایک کو برابر کا حق دیتی ہے۔اُنہوں نے کہا ہے کہ محبوب اقبال شیخ کو معلوم ہے کہ پی ڈی پی اور خود اُن کی کارکردگی کو دیکھ کر اُنہیں کوئی ووٹ دینے والا نہیں ہے لہٰذا وہ علاقائی تعصب کی آگ بھڑکا کا سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں جس
میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔