پچھلے کچھ عرصہ میں گندو بھلیسہ علاقہ میں آتشزنی کی یہ 6ویں واردات ہے ، گزشتہ ہفتہ ہی تحصیل صدر مقام گندو سے 5کلو میٹر کی دوری پر رونما ہونے والی واردات میں قریب 30ڈھانچے جل گئے تھے ، اس سے لگتا ہے کہ یہ محض ایک اتفاق نہیں بلکہ گہری سازش ہے جس کے پس پردہ شرپسند طاقتیں کار فرما ہیں۔ پریس کے لئے جاری ریلیز میں سابق وزیر اعلیٰ نے بتایا ہے کہ ان کی معلومات کے مطابق جائے واردات پر آتش گیر مادہ پایا گیا ہے جس سے سازش کے خدشات کو مزید تقویت ملتی ہے ۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے ایک ہی علاقہ میں آتشزدگی کی مسلسل وارداتوں کے بارے میں گہرائی سے چھان بین کرنے کی ہدایت دی ہے ۔
نائب وزیر اعلیٰ
جموں//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے بھلیسا ڈوڈہ کے آگ حادثہ پر اپنے رنج و غم کا اظہار کیا جس میں رہائشی اور تجارتی ڈھانچے خاکستر ہوئے۔نائب وزیر اعلیٰ نے ڈوڈہ ضلع انتظامیہ کو آگ متاثرین کو ہرممکن مدد فراہم کرنے کے لئے کہا۔اُنہوں نے اُن کے لئے عارضی پناہ گاہیں اور روزانہ استعمال کی اشیاء دستیاب رکھنے کی بھی ہدایت دی اورڈپٹی کمشنر ڈوڈہ کو بذریعہ فون متاثرین کی باز آبادکے لئے اقدامات اٹھانے اور انہیں معقول معاوضہ دینے کے لئے کہا کہ۔اس سے قبل رُکن اسمبلی بھدرواہ نے نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور انہیں آگ حادثہ کے بارے میں تفصیلات دے کر متاثرین کے لئے امداد کی مانگ کی۔
عبدالرحمان ویری
جموں//وزیر برائے مال ، ڈزاسٹر منیجمنٹ ، امداد و باز آباد کاری و تعمیر نو عبدالرحمان ویری نے آج بھلیسا ڈوڈہ میں آج پیش آئے آگ کے حادثے پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جس میں 40دکانیں اور ایک رہائشی مکان ،شسترسیمابل کا کیمپ آفس جل کر خاکستر ہوا۔متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے وزیرنے ضلع انتظامیہ کو انہیںہر ممکن امداد بہم رکھنے کے لئے کہا۔وزیر نے ضلع انتظامیہ کو آگ حادثہ پر رپورٹ مرتب کرکے ان کے دفتر میں مزید کارروائی کیلئے پیش کرنے کی بھی ہدایت دی۔
غلام محمد سروڑی
کشتواڑ//پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدراوررکن اسمبلی اندروال غلام محمد سروڑی نے خطہ چناب میں آگ کی بڑھتی وارداتوں پراپنی گہری تشویش ظاہرکرتے ہوئے حکومت کوتحصیل سطح پرفائرسروسز سٹیشن کے قیام میں تعطل برتنے پرشدید تنقیدکانشانہ بنایا۔سروڑی نے کہاکہ وہ کئی برسوں سے تحصیل سطح پرفائر سروسز سٹیشن کھولنے کی مانگ کررہے ہیں لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی ہے جس کی وجہ سے کروڑوں روپے کی املاک راکھ کاڈھیر ہوتی جارہی ہے۔اُنہوں نے سب ڈویژن گندوکے بٹیاس میں پیش آئے تازہ واقعے کوبدقسمتی والاقرار دیتے ہوئے کہاکہ اس میں دودرجن دُکانات وکاروباری عمارتیں راکھ ہوچکی ہیں اور کروڑوں روپے کانقصان ہواہے۔اُنہوں نے آفات سے نمٹنے میں حکومت وانتظامیہ کی غیرسنجیدہ پالیسی کوافسوسناک قرار دیتے ہوئے کہاکہ حکومت ایک جامع منصوبے کیساتھ سامنے آئے تاکہ مستقبل میں اس طرح کابڑے پیمانے پرنقصان نہ ہو۔لگاتار پیش آئے واقعات پرفکرمندی ظاہرکرتے ہوئے سروڑی نے ضلع انتظامیہ ڈوڈہ سے معاملات کی جامع تحقیقات کی مانگ کی۔سروڑی نے اپنی سطح پرمتاثرین کوہرممکن مددکی یقین دہانی کرائی۔اُنہوں نے انتظامیہ سے متاثرین کی مددکی مانگ کی۔سروڑی نے کشتواڑمیں جدیدترین سہولیات سے لیس فائر سروس سٹیشن قایم کرنے کی مانگ دہراتے ہوئے اس ضمن میں حکومت کی روایتی عدم توجہی کوافسوسناک قرار دیا۔اُنہوں نے کہاکہ حکومت عام لوگوں کے مطالبات پرکان دھرنے کوراضی نہیں۔سروڑی نے آگ کے تازہ واقعات کاذکرکرتے ہوئے کہاکہ گندو، ملک پورہ، بٹیاس ، ٹھاٹھری، کیشوان، چھاترو، بونجواہ، واڑون، مڑواہ، دچھن، پاڈر، ناگسہنی ، درابشالہ، چنگام اور دیگرعلاقہ جات میں پیش آئے سانحات وواقعات نے انتظامیہ کی تیاریوں وانتظامات کی کلی کھول کررکھ دی ہے۔سروڑی نے ایک رکن اسمبلی ہونے کے ناطے اپنافریضہ نبھاتے ہوئے سیول سیکریٹریٹ جموں میں وزیرمال عبدالرحمان ویری سے ملاقات بھی کی اور متاثرین کیلئے فوری امدادکی مانگ کی۔سروڑی نے محبوبہ مفتی کوایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے متاثرہ کنبوں کیلئے ریلیف کی مانگ کی ہے۔اُنہوں نے فی کس 10لاکھ کم از کم دینے کی مانگ کی تاکہ شدیدنقصانات سے دوچارلوگ پھر سے اپنے پائوں پرکھڑاہوسکیں۔
محمد شریف نیاز
بھٹیاس// سابق وزیر محمد شریف نیاز نے بھٹیاس بازار میںآتشتردگی کی ایک واردات میںہوئے نقصان پرگہرے دُکھ کا اظہار کیا ہے قریباً ایک ہفتہ قبل اس علاقہ میںرونما ہوئی آگ کی اس واردات میں38دُکانیں اورمکان جل گئے تھے جبکہ ایک ماہ پہلے ملک مارکیٹ میںبھی آگ کی ایک واردات رونما ہوئی تھی جبکہ ایک سال قبل بھلیسہ میںگواڑی اور پتھری بازاروںمیںآتشزدگی کی وارداتیں رونما ہوئی تھیں۔ نیاز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آگ کی ان وارداتوں سے متاثرہ لوگوں کو مناسب معاوضہ فراہم کرنے کے علاوہ بے روز گار نوجوانوں کو بھی رو ز گار فراہم کرے۔ نیاز نے اس بات پر افسوس کااظہار کیا کہ بھلیسہ مارکیٹ میںرونما ہوئے آتشزدگی کاواقعہ شرارت پسندعناصر کی کارستانی ہے جو کہ علاقہ میںفرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوششیں کررہے ہیں۔
پی ڈی پی کشتواڑ
کشتواڑ//شیخ ناصر حسین ضلع صدر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کشتواڑ نے حلقہ انتخاب اندروال کے گائوں بھٹیاس میں المناک آگ کی واردات میں کئی دکانوں اور دیگر ڈھانچوں کی بڑی تعداد میں تباہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ناصر نے متاثرہ خاندانوںکے تئیں ہمدردی کا اظہار کیا اور تحصیل اور ضلع انتظامیہ متاثرین کو فوری طور سے امداد اور حمایت فراہم کرنے کی درخواست کی اور لوگوں کیلئے مفت راشن،ٹین کی چادریں، کمل اور دیگر ضروری سامان کی امداد اور بحالی کے اقدامات کریں ۔انہوں نے امداد اور بحالی کے اقدامات کے لئے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کرنے کی وزیر اعلی سے اپیل کی ہے۔شیخ ناصر نے اس واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا۔اس موقعہ پر دیگر جن میں پی ڈی پی ضلع جنرل سیکریٹری عبدالکبیر بٹ،زونل صدر طالب حسین،بلاک صدر جکیاس طارق حسین،بلاک صدرکاہرہ محبوب احمد،بلاک صدربونجواہ عابد ملک،بلاک صدر چھاترو راکیش سنگھ،بلاک صدر مغلمیدان عبدالکبیر تپال،بلاک صدر سرتھل محمد حنیف شیخ، بلاک صدر ٹھاٹھری حبلال لون،نائب صدر ڈوڈہ عبدالرحمان کشمیری،،سینیئر لیڈر ٹھاکر پورن چند،،محمد صابر ،غلام حسین،کیپٹن جگدیش راج،اصغر وانی،سجاد احمد ہرگا،وسیم ٹاک نے بھی المناک آگ کے واقعے پر صدمے اور افسوس کا اظہار کیا۔
کانگریس کمیٹی گندو
عابد ندیم
گندو//بلاک کانگریس کمیٹی گندو کی ایک میٹنگ پارٹی کے بلاک صدر بھلیسہ اوم پرکاش پریہار کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں مختلف مسائل اور معاملات پر آپسی تبادلۂ خیالات عمل میں لایا گیااور حکومت اور انتظامیہ کے سامنے کچھ مطالبات رکھے گئے۔میٹنگ میں حال ہی میں گندو میں پیش آئی آگ کی واردات میں کروڑوں روپے کے نقصان پر تشویش اور متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اس موقع پر مختلف مقررین نے لوگوں کے بار بار کے مطالبات کے باوجود علاقہ میں فائر سروس اسٹیشن قائم نہ کرنے پر حکومت اور انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر گواڑی اور ملک پورہ آگ وارداتوں سے حکومت اور متعلقہ حکام نے کچھ سبق حاصل کیا ہوتا تو گندو میں کروڑوں روپے کا نقصان نہ ہوا ہوتا،مگر بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوا جس وجہ سے بھلیسہ کا سب سے اہم اور مصروف بازار راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا اور متاثرین کی پوری زندگی کی جمع پونجی پل بھر میںخاک ہو گئی۔میٹنگ میں بیک زبان حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ متاثرین کو اُن کے نقصان کا پورا معاوضہ دیا جانا چاہیے تاکہ وہ دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑے ہو سکیں۔مقررین نے علاقہ میں راشن اور کھانڈ کی شدید قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ چھ ماہ سے لوگوں کو کھانڈ فراہم نہیں کی جا رہی ہے جس وجہ سے غریب لوگ سخت پریشان ہیں اور وہ کھانڈ بازار سے مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں۔اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ لوگوں کو سستے داموں کھانڈ فراہم کی جانی چاہیے نیز اُنہیں راشن کا ماہوار کوٹہ بروقت فراہم کیا جانا چاہیے تاکہ وہ پریشان نہ ہوں۔مقررین نے کہا کہ گندو ، چنگا ،جکیاس،چلی اور علاقہ کے دیگر اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی شدید قلت ہے جس وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اُنہوں نے ڈاکٹروں کی خالی پڑی تمام پوسٹوں کو فوری طور پُر کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ لوگوں کو دور دراز کے اسپتالوں کا رخ نہ کرنا پڑے۔اُنہوں نے کہا کہ جاب کارڈ ہولڈرس کو منریگا اسکیم کے تحت کئے گئے کاموں کی اجرت فراہم نہیں کی جا رہی ہے جب کہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی،پی ایچ ای اور ایری گیشن کی طرف سے ٹھیکیداروں کے بقایا جات کی ادائیگی میں غیر ضروری تاخیر کی جا رہی ہے۔اُنہوں نے جاب کارڈ ہولڈرس کو اُن کی اجرتیں اور ٹھیکیداروں کو اُن کے تمام واجبات فوری طور ادا کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔اُنہوں نے کہا کہ انتخابات کے زمانہ میں مخلوط حکومت میں شامل دونوں پارٹیوں نے بے روزگار نوجوانوں کا روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا مگر حالت یہ ہے کہ بے روزگاری میں ہر آئے دن اضافہ ہو رہا ہے اور حکومت کوئی قدم نہیں اُٹھا رہی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ بھلیسہ میں تمام پی ایم جی ایس وائی سڑکوں کی حالت انتہائی خستہ ہے مگر حکومت اُن کی بہتری کے لئے کچھ بھی نہیں کر رہی ہے۔مقررین نے کہا کہ بجلی کا نظام لوگوں کے لئے دردِ سر بنا ہوا ہے اور چوبیس گھنٹوں میں صرف چند گھنٹے بجلی ملتی ہے نیز علاقہ میں بہت سارے ٹرانسفارمر کسی خرابی کا شکار ہو کر بے کار پڑے ہوئے ہیں۔اُنہوں نے بجلی نظام میں سدھار پیدا کرنے اور خراب شدہ ٹرانسفارمروں کی مرمت یا اُنہیں تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ بی جے پی اور پی ڈی پی مخلوط حکومت لوگوں کو شفاف انتظامیہ فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے اورپورا نظام مفلوج ہو کے رہ گیا ہے۔
بار ایسوسی ایشن ڈوڈہ
ڈوڈہ //بٹیاس بھلیسہ مارکیٹ میں آگ کی ہولناک واردات کی وجہ سے پیش آئے بھاری مالی نقصان پر صدر بار ایسوسیشن ڈوڈہ ایڈوکیٹ سید عاصم ہاشمی نے گہرے دْکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہاشمی نے کہا کہ ایک ہفتہ کے اندر یکے بعد دیگرآگ کی دوسری بڑی واردات تشویشناک ہے اس پر اعلیٰ سطح تحقیقات لازمی ہے تاکہ مسلسل آگ کی واردات رونما ہونے کی وجہ سامنے آ سکے۔اْنہوں نے کہا کہ یہ انتہائی پیچیدہ مسلہ ہے اور سرکار و مقامی نمائندوں کی غفلت شعوری کا نتیجہ ہے جو موقع جائے واردات پر آکر افسوس اور چند الفاظی مایوسی کا اظہار کرتے ہیں لیکن کچھ ہی دنوں تک اس کا اثر رہتا ہے۔اگر بھلیسہ میں پہلی بار آگ کی واردات رونما ہونے کے بعد فائر سروسز کا قیام عمل میں لایا جاتا تق شاید اتنا بڑا نقصان لوگوں کا ہوتا سید عاصم ہاشمی نے ضلع انتظامیہ پولیس حکام پر پوری واردات کی اعلیٰ سطح تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلد از جلد مسلسل آگ کی واردات کی وجہ تلاش کی جائے اور متاثرین کو معقول معاوضہ فراہم کیا جائے۔ڈوڈہ ڈویلپمنٹ فرنٹ کے صدر اشتیاق احمد دیو نے بھی جکیاس بھلیسہ میں گزشتہ شب پیش آئی زبردست آگ کی واردات پر گہرے دْکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔اْنہوں نے چالیس کے قریب رہائشی مکانات اور دکانوں کے مکمل خاکستر ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت بڑا سانحہ ہے جس کی اعلیٰ سطح تحقیقات ہونی چاہیے اور مسلسل آگ کہ واردات بھلیسہ میں رونما ہونے پر دیو نے کہا کہ اب لوگوں کے ذہین میں مختلف شک و شبات پیدا ہو رہے ہیں۔اْنہوں نے مقامی لیڈر شب سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ یقین دہانی کے علاوہ بھی متاثرین کی مدد کریں اور وقت مقرر کرکے متاثرین کو معقول معاوضہ فراہم کیا جائے۔اور جلد از جلد لوگوں کو راحت پہنچائی جائے۔اور سیاست دانوں کو روایتی بیان بازی سے ہٹ کر واقعی متاثرین کی امداد کرنی چاہیے۔اور مقررہ وقت کے اندر تحقیقات مکمل ہو تاکہ آئیندہ کوئی ایسا مسئلہ رونما نہ ہو جس سے حالات قابو سے باہر ہو جائیں اور لوگ سڑکوں پر نکل آئیں اس لئے وقتی بیان بازی سے ہٹ کر تحقیقات کا عمل شروع کیا جائے۔