عظمیٰ نیوز سروس
ڈوڈہ//سب ڈسٹرکٹ ہسپتال (ایس ڈی ایچ) بھدرواہ نے اس ہفتے پانچ مختلف لیپروسکوپک سرجریوں کو کامیابی سے انجام دے کر صحت کی دیکھ بھال میں اہم پیش رفت کی ہے۔ہسپتال میں سرجیکل ٹیم کی قیادت ڈاکٹر سباش شرما (سرجن اسپیشلسٹ) اور ڈاکٹر ازما (اینسٹیٹسٹ) کر رہے تھے۔یہ سرجری بلاک میڈیکل آفیسر بھدرواہ ڈاکٹر محمد اشرف اور سی ایم او ڈوڈہ ڈاکٹر اوم کمار کی رہنمائی میں کی گئی۔ دونوں نے سرجری یونٹ کے عملے کو ان کی کامیابیوں پر مبارکباد دی اور مستقبل میں بھی ایسی ہی اہم سرجریوں کی امید ظاہر کی، جس کا مقصد بیرونی حوالوں کی ضرورت کو کم کرنا ہے۔آپریٹو ٹیم نے اخلاقی اور لاجسٹک مدد کیلئے سی ایم ائو اور بی ایم ائو کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، ڈاکٹر سید عابد رشید اور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں ڈاکٹر راجیو مگوترا کو مریضوں کی دیکھ بھال کو بڑھانے کے لئے جدید لیپروسکوپک طریقہ کار شروع کرنے کیلئے ان کی حوصلہ افزائی کا بھی اعتراف کیا۔ایس ڈی ایچ بھدرواہ نے پچھلے 2-3 مہینوں میں درجنوں مختلف لیپروسکوپک سرجری کی ہیں۔ اس پیشرفت سے مقامی آبادی کو کافی فائدہ ہوا ہے، جس سے مریضوں کو اس طرح کے طریقہ کار کے لیے ڈوڈہ، جموں یا سری نگر جانے کی ضرورت میں کمی آئی ہے۔