بھدرواہ//بھدرواہ کو ایڈیشنل ضلع کا درجہ دینے کے خلاف ایم ایل اے اندروال کی جانب سے ریاستی سرکار کے فیصلہ کی مبینہ مخالفت پر برہمی کا اظہار کرنے کے لئے بھدرواہ میں پی ڈی پی ورکروں کی جانب سے زیر قیادت ضلع یوتھ صدر سجاد میر ایک احتجاجی ریلی منعقد کی گئی۔مظاہرین نے ڈاک بنگلہ میں ایک میٹنگ منعقد کرنے کے بعد درجنوں پی ڈی پی کارکنوں نے ایم ایل اے موصوف کے خلاف اور سرکار کے فیصلہ کے حمایت پر ایک ریلی نکالی،جو کہ ڈاک بنگلہ سر شروع ہوتے ہوئے گرین کالونی ،چنوٹ، پسری بس اسٹینڈ،جامع مسجد ،صدر بازار اور تکیہ چوک سے ہوتے ہوئے توریخی سیری بازار میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں پر پی ڈی پی کے لیڈروں اور یوتھ ونگ کے لیڈروں نے مظاہرین سے خطاب کیا ۔مقررین نے کہا کہ ریلی کا مقصد ایم ایل اے اندروال کے بیانات کے خلاف برہمی کا اظہار کرنے کے لئے تھا جنھوں نے بھدرواہ ایڈیشنل ضلع بننے کے دن سے ہی اسکے خلاف پروپیگنڈہ کرنا شروع کیا ہے۔پی ڈی پی کے یوتھ ونگ کے ضلع صدر سجاد میر نے کہا کہ ہم یہ سمجھنے سے قاصر ہں کہ وہ کیوں کر اس میں مداخلت کر ر ہے ہیں کیونکہ اسکا بھدرواہ حلقہ کے ساتھ کوئی لین و دین نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ ایم ایل اے موصوف بھدرواہ اور بھلیسہ کے درمیان خلیج پیدا کرنا چاہتا ہے،جو کہ اسکی منفی سیاست کی عکاس ہے۔پی ڈی پی کے زونل سیکرٹری ارشاد لاوے نے کہا کہ بھدرواہ کا درجہ بڑھانے کی حمایت میں بھلیسہ کے90 فیصدی لوگ ہیں۔ریلی سے زونل صدر ٹھاکور یدھ ویر سنگھ ،یوتھ پریذیڈنٹ گندوہ غلام رسول ،شوکت ملک نے بھی خطاب کیا۔