بھدرواہ میں 12دن بعد سکولوں میں بہار لوٹ آئی

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //مسلسل 10 روز تک موبائل انٹرنیٹ سروس و تعلیمی ادارے بند رہنے کے بعد انتظامیہ نے پیر کے روز براڈ بینڈ کے بعد باقاعدہ طور پر موبائل انٹرنیٹ سروس کوبھی بحال کیا اور بارہویں روز سکولوں میں بھی بہار لوٹ آئی جبکہ بازاروں میں معمول کے مطابق کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں۔قابل ذکر ہے کہ رواں ماہ کی 9 تاریخ کوتوہین رسالت ؐکے خلاف ہوئے احتجاج کے دوران پیدا فرقہ وارانہ کشیدگی کے بعد انتظامیہ نے ضلع بھر میں براڈ بینڈ و موبائل انٹرنیٹ سروسز معطل کر کے کرفیو نافذ کیا تھا تاہم ڈوڈہ، ٹھاٹھری و گندوہ میں پہلے ہی بندشیں ہٹائی گئیں اور پیر کو باقاعدہ طور پر ایڈیشنل ضلع بھدرواہ میں تعلیمی ادارے کھولے گئے اور موبائل انٹرنیٹ بھی بحال کیا گیا۔اس دوران انتظامیہ نے دن کو مکمل ڈھیل دی اور احتیاطی طور پر شبانہ کرفیو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔اے ڈی سی بھدرواہ چوہدری دلمیر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دس روز بعد موبائل انٹرنیٹ سروس کو بحال کیا گیا اور تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ تجارتی و سرکاری سرگرمیاں بھی مکمل طور پر دوبارہ شروع ہو گئیں۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پرقابل اعتراض موادشیئر کرنے سے گریز کریں اور ایسے افراد کی نشاندہی کر کے انتظامیہ کو مطلع کریں جو امن عامہ میں خلل ڈالنے کی کوشش کریں۔