بھدرواہ//تمام قواعد وضوابطہ کو بالائے طاق رکھ کر محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے سرکاری خزانہ کی کھلے عام لوٹ مار کو لیکر بھدرواہ میں درجنوں نمبرداروں اور چوکیداروں نے زبردست احتجاج کیا۔ان نمبرداروں اور چوکیداروں کا کہنا ہے کہ اپنے اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں کی نگرانی کرنے کے لئے حکومت نے انہیں 11اکتوبر2007کو جاری کئے گئے ایک حکم نامے نمبر364کے تحت اختیارات دیئے ہیں مگر محکمہ دیہی ترقی ہمارے ساتھ آنکھ مچولی کھیل رہا ہے اور ٹال مٹول کی پالیسی اختیار کئے ہوئے ہے۔نمبرداروں اور چوکیداروں نے تحصیل آفس بھدرواہ کے باہر دھرنا دیا اور پھر ایگزیکیوٹو مجسٹریٹ کے ساتھ ملاقات بھی کی اور ان سے کہا کہ وہ محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے خردبرد کی جارہی رقومات بچانے کے لئے مداخلت کریں۔نمبرداروں اور چوکیداروں نے ضلع ترقیاتی کمشنرسے استدعا کی کہ وہ تمام بلاک ڈیویلپمنٹ افسروں کو ہدایات دیں کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کو مرتب کرتے وقت کرن کی رائے اور مشورے حاصل کریں تاکہ ترقیاتی گام لوگوں کی ضروریات کے مطابق انجام دئے جا سکیں۔