اشتیاق ملک
ڈوڈہ //بھدرواہ میونسپل کارپوریشن میں کام کر رہے صفائی کرمچاریوں نے اپنی مانگوں کو لے کر احتجاج کیا جس دوران انہوں نے ایل جی سرکار سے ان کے جائز مطالبات کو ترجیح بنیادوں حل حل کرنے کا مطالبہ کیا۔اس موقعہ پر انہوں نے اپنے مطالبات کو لے کر نعرہ بازی بھی کی اور کہا کہ پچھلے پندرہ برسوں سے وہ اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں لیکن ان کو مستقل کرنے کے ساتھ ساتھ تنخواہ میں بھی اضافہ نہیں کیا گیا جس کے نتیجے میں انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔محمد عباس نامی ایک خاکروب نے کہا کہ ہر سرکار نے ان کے ساتھ وعدے کئے لیکن کسی نے ان کو پورا نہیں کیا۔انہوں نے انتباہ کیا کہ اگر سرکار نے ان کی مانگوں کو پورا نہیں کیا تو وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ہمگیر احتجاج کا سلسلہ شروع کریں گے۔انہوں نے کہا کہ قلیل رقم پر مہنگائی کے اس دور میں گذر بسر کرنا ممکن نہیں ہے۔احتجاج پر بیٹھے خاکروبوں کے مطابق انتظامیہ کی طرف سے انہیں صرف یقین دہانیاں دی جاتی ہیں اور ان کے مسائل کو حل کرنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں جس پر مجبوراً انہیں احتجاج پر اترنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ کوؤڈ 19 کے بحران کے دوران بھی انہوں نے اپنی جانوں کی کوئی پرواہ نہیں کی اور دن رات کام کیا لیکن حاصل کچھ نہیں ہوا۔
بھدرواہ میں صفائی کرمچاریوں کا احتجاج | باقاعدہ طور پر مستقل بنانے و تنخواہ میں اضافہ کرنے کا مطالبہ
