بھدرواہ //بھدرواہ قصبہ میں سول انتظامیہ کی جانب سے ٹریفک پابندیوں کے باوجودضلع پولیس کے رویہ سے قصبہ میں لگاتار ٹریفک جام دیکھنے کو مل رہا ہے، جہاں پر آدھے گھنٹے کا سفر چار گھنٹوں میں طے ہوتا ہے۔ اگرچہ بھدرواہ میں امسال گھریلو سیاحوں کی کافی بھیڑ دیکھنے کو ملتی ہے تاہم لگاتار ٹریفک جام سے سیاحوں میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔اگر چہ انتظامیہ نے نئے بس اسٹینڈ سے پسری براستہ سیری بازارتک کے روڈ پربھاری کمرشل گاڑیوں کی پابندیوں اور نو پارکنگ زون قرار دیا ہے تاہم اولڈ ہسپتال روڈ سے جامع مسجد تک کے سڑک پر دونوں اطراف گاڑیاں پارک کی ہوئی ہوتی ہیں اور درجنوں بھاری کمرشل گاڑیاں سیر ی بازار سے قصبہ میں داخل ہو جاتی ہیں،جسکی وجہ سے قصبہ میں عام طور جام لگا رہتا ہے اور مسافروں کو منٹوں کا سفر طے کرنے میں کئی گھنٹے لگتے ہیں۔مسافر اسکے لئے ٹریفک حُکام کو ذمہ وار قرار دیتے ہیں۔ان لوگوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک حُکام ایس ڈی ایم کے احکامات کی دھجیاں اُڑا رہے ہیں۔ ایک دانشور عارف رانا کا کہنا ہے کہ پولیس انتظامیہ کے احکامات کو لا گو کرنے میں ناکام رہی ہے،جس سے عام لوگوں کو تہواروں کے سیزن میں کافی پریشانیاں ہورہی ہیں۔ ایک اور مسافر ناصر کے شاہ کا کہنا ہے کہ ٹریفک میں باقاعدگی کی کمی سے چوبیا لنک روڈ، سیری بازار، تکیہ چوک، صدر بازار، جامع مسجد ،جائی روڈ، گنپت بازار، اورعید گاہ روڈ پر کافی جام دکھائی دیتا ہے۔اُنہوںنے کہا کہ لوگ گُذشتہ کئی مہینوں سے انتظامیہ کے پاس اسکی شکایت کرتے ہیں لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ عام طور سے سیری بازار سے جامع مسجد تک پہنچنے میں پانچ منٹ لگتے تھے لیکن ٹریفک جام کی وجہ سے آدھے گھنٹے سے بھی زیادہ وقت لگتا ہے لیکن ٹریفک حکام کُچھ نہیں کر تے ہیں جسکی وجہ سے عام لوگ ٹریفک حُکام کے رویہ سے ناراض ہیں۔اتنا ہی نہیں عید کے خریداری کرنے کے لئے لوگوں کو ٹریفک جام کی وجہ سے کافی دقت آتی ہے۔ایسا لگتا ہے کہ ٹریفک حُکام اور پولیس کے درمیان تال و میل کا فُقدان ہے جسکی وجہ سے عام لوگوں کو پریشانیاں ہو جاتی ہیں۔قصبہ کے ایک معمر شخض تنویر احمد دیو نے کہا ہے کہ اگر صورت حال ایسی ہی رہی تو آنے والے دنوں میں ٹریفک کی حالت ابتر ہوگی۔ایس ڈی پی او بھدرواہ برجیش شرما نے روزنامہ کے نامہ نگار سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ٹریفک کی پابندیوں کے احکامات لاگو کئے جا رہے ہیںاور چند ٹرک جو کہ رات کے دوران بازارمیں داخل ہوئی ہیں جن کی وجہ سے بعض اوقات ٹریفک جام ہوتا ہے،کو ہٹایا جا رہا ہے اور کئی مسافر گاڑیاں جنھیں سرتنگل اور چنتا جانا ہوتا ہے کو بھی کئی منٹوں سے زیادہ دیر تک بازار میں روکنے کی اجازت نہیں دی جاتی ہے۔