عظمیٰ نیوزسروس
بھدرواہ — // بھدرواہ-پٹھانکوٹ قومی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے دوبارہ کھولنے کے بعد سیکڑوں سیاح جموں اور کشمیر کے ڈوڈہ ضلع میں برف سے ڈھکے ہوئے گلڈنڈہ کی طرف روانہ ہوئے۔9,555 فٹ بلند گلڈنڈہ اور 11,000فٹ چھترگلہ پاس سے گزرنے والی بین ریاستی شاہراہ کو جمعرات کی برف باری کے بعد ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا تھا تاکہ سڑک کی پھسلن کی وجہ سے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ڈوڈہ کے ڈپٹی کمشنر ہرویندر سنگھ، جنہوں نے سیکڑوں سیاحوں کی گاڑیوں کو برف سے ڈھکے گلڈنڈا کی طرف لے جایا، کہا کہ سڑک کے دوبارہ کھلنے کے دو گھنٹے کے اندر گھاس کے میدان میں 2,000سے زیادہ زائرین کو جمع ہوتے دیکھ کر خوشی ہوئی، اور اسے ایک حوصلہ افزا نشان قرار دیا۔ انہوں نے کہا”بارڈر روڈز آرگنائزیشن کو خراج تحسین، جس نے بھدرواہ۔پٹھانکوٹ ہائی وے پر برف صاف کرنے کے لیے ہائی ٹیک مشینری تعینات کی، گلڈنڈا اورچھترگلہ درہ بیرونی دنیا کے لیے دوبارہ کھولے‘‘۔ انہوں نے کہاکہ’’بی آر اوکی بھرپور کوششوں کے باوجود، سڑک کی سطح پر برف کی ایک تہہ باقی ہے، جس کے نتیجے میں ہائی وے کے کچھ حصوں
میں درجہ حرارت منفی 15ڈگری سیلسیس تک گرنے کے نتیجے میں پھسلن کی صورت حال پیدا ہوتی ہے۔ سیاحوں کی حفاظت کے لیے سڑک کو بند کر دیا گیا تھا۔ تین دن نمک اور یوریا چھڑکنے کے بعد ہم نے ہر قسم کی گاڑیوں کو گلڈنڈہ تک جانے کی اجازت دے دی‘‘۔سیاحوں اور مقامی دکانداروں نے بڑی برف باری کے بعد چند دنوں کے اندر اہم سڑک پر ٹریفک بحال کرنے پر حکام کا شکریہ ادا کیا۔