ڈالی گئی مٹی سے علاقہ گرد و غبار میں تبدیل ،فصلوں ،پودوں و گھروں کا جغرافیہ ہی بگڑ گیا
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر سب ڈویژن کے نکہ منجہاڑی سے منسلک بھاٹہ دھوڑیاں علاقہ میں پرنائی پروجیکٹ کے تحت بھاٹہ دھوڑیاں سے موہڑہ 8کلو میٹر کی رابطہ سڑک بھی تعمیر کی گئی تھی لیکن پروجیکٹ کو نامکمل رکھنے کی وجہ سے اب مذکورہ سڑک سہولیت کے بجائے عام لوگوں کیلئے پریشانی میں تبدیل ہو گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ ایجنسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کو برسوں سے نامکمل رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے زیر تعمیر سڑک کھڈوں میں تبدیل ہو گئی اور متعلقہ تعمیراتی ایجنسی کی جانب سے سڑک کو پختہ کرنے کے بجائے اس پر مزید مٹی ڈا ل دی ہے ۔عام لوگوں نے تعمیر اتی ایجنسی اور ضلع انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سڑک کے کھڈوں میں ڈالی گئی مٹی ملحقہ علاقوں میں فصلوں ،پیڑ پودوں ،مویشیوں اور انسانوں کیساتھ ساتھ ان کے رہائشی مکانات کو بھی متاثر کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ گاڑیوں کے چلنے کی وجہ سے علاقہ گرد و غبار میں تبدیل ہو جاتا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ بارش کے دوران مذکورہ مٹی شدید نوعیت کے کیچڑ میں تبدیل ہو جاتی ہے جبکہ موسم صاف ہونے کیساتھ ہی مذکورہ مٹی دھول میں تبدیل ہو کر عام لوگوں کیلئے وبال جان بن جاتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ رابطہ سڑک کے پروجیکٹ کو مکمل ہی نہیں کیاجارہا ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کی مصیبتوں میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے جموں وکشمیر میں تشکیل دی گئی نئی حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ خطہ پیر پنچال کی خستہ حال رابطہ سڑکوں کو سنجیدگی کیساتھ لے کر عام لوگوں کیلئے ان زیر التواء پروجیکٹوں کو جلدازجلد مکمل کیاجائے تاکہ ان کی پریشانیاں ختم ہو سکیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بھاٹہ دھوڑیاں سے موہڑہ رابطہ سڑک کو جلدازجلد مکمل کر کے عام لوگوں کو مشکلات سے نکلاجائے ۔