عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
تل ابیب// لبنان میں بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانے کے بعد اسرائیل جنگ بندی پر تیار ہوگیا اور معاہدے کا مسودہ بھی تیار کرلیا گیا ہے۔وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور سیکیورٹی حکام اس بات پر متفق ہوگئے ہیں کہ لبنان میں جنگ بندی کا وقت اب آچکا ہے۔بنجمن نیتن یاہو کی زیر صدارت اعلیٰ اسرائیلی حکام کا اجلاس ہوا جس میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ لبنان میں لڑائی کے خاتمے کے لیے معاہدہ کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔اطلاعات کے مطابق اسرائیلی سیکیورٹی حکام نے نیتن یاہو کو لبنان میں بڑھتے ہوئے جانی و مالی نقصانات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ کی قیادت کو ختم کرنے کے بعد اب لبنان میں ٹھہرنے میں مزید نقصان ہی ہوگا۔ نیتن یاہو نے سیکیورٹی حکام کے اس مؤقف کو قبول کرلیا۔دوسری جانب خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے علاقے نباتیہ میں فضائی حملے کے دوران حزب اللہ کی ایلیٹ رضوان فورس کے نائب سربراہ مصطفیٰ احمد شہادی کوہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیے گئے فضائی حملے میں حزب اللہ کی رضوان فورسز کے نائب سربراہ مصطفیٰ احمد شہادیہلاک ہوگئے، اسرائیلی فوج کے مطابق مصطفیٰ شہادی اس قبل شام اور جنوبی لبنان میں رضوان فورس کی کارروائیوں کی قیادت کرتے رہے ہیں۔