سرینگر //حریت(ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر تب تک زندہ ہے جب تک ایک بھی کشمیری زندہ ہے۔جامع مسجد میں عوامی اجتماع نے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ بھارتی حکومت کے ذمہ داروں کا یہ کہنا کہ جموںوکشمیر میں نافذافسپااور دیگر کالے قوانین نہیں ہٹائے جائیں گے اس سے یہی عندیہ ملتا ہے کہ وہ یہاں کے عوام کی آواز کو طاقت کے بل پر دبانے کی پالیسی پر کاربند ہیں ۔میرواعظ نے مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے بھارتی قیادت کی جانب سے اختیار کردہ جارحانہ پالیسی کو حد درجہ افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ہندوستان بھارت کی سیاسی جماعتوں ، آر ایس ایس اور بھارت کے وزیر داخلہ کی جانب سے حالیہ دنوں میںجو بیانات آرہے ہیں ان سے واضح ہوتا ہے کہ حکومت ہندوستان نے کشمیر کے حوالے سے ملٹری پالیسی اختیار کررکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سوچ قابل افسوس ہے کیونکہ آج تک کسی بھی قوم کی تحریک آزادی کو طاقت یا فوجی قوت کے بل پر دبایا نہیں جاسکا۔ میرواعظ نے کہا کہ بھارتی حکمران جس شدت کے ساتھ یہاں کے نوجوانوں کو طاقت کے بل پر پشت بہ دیوار کرنے کی کوشش کریں گے اتنی ہی شدت کے ساتھ یہاں کے نوجوان اور حریت پسند عوام میں غم و غصہ پیدا ہوگاکیونکہ مسئلہ کشمیر کو طاقت کے بل پر حل کرنے کی حکومت ہندوستان کی پالیسی ہمیشہ یہاں کے عوام میں غم و غصہ پیدا کرنے کا موجب بنتی رہی ہے ۔