اسلام آباد//پاکستان نے ایک بار پھر بھارت کو مذاکرات کی پیش کش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تمام مسائل پر بات چیت ہونی چاہیے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، نئی دہلی کے ساتھ تمام مسائل پر بات کرنا چاہتا ہے۔ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ قوموں اور ممالک کے درمیان مسائل کو بات چیت کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے 192 پاکستانی زائرین کو خواجہ نظام الدین اولیاء کے عرس کے لیے آخری وقت میں ویزے جاری کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا عمل دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کی خواہش کو نقصان پہنچاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ستم ظریفی ہے کہ حضرت نظام الدین اولیاء کے عرس پر ویزے دینے سے انکار کیا گیا، جو برادریوں کو قریب لانے کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ اسی طرح بھارت نے اپنی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو بھی پاکستان کا دورہ کرنے کی اجازت نہیں دی۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں ظلم و ستم ، غیر قانونی آپریشن اور جعلی انکاؤنٹرز کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ حریت قیادت سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق ابھی تک نظر بند ہیں جبکہ ہزاروں حریت رہنماؤں اور شبیر احمد شاہ، مسرت عالم بھٹ، نعیم احمد خان اور دیگر کارکنان مختلف جیلوں میں قید ہیں جو قابل مذمت ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے بریفنگ میں بتایا کہ حکومت پاکستان نے 58 شہریوں اور 399 ماہی گیروں سمیت 457 بھارتی قیدیوں کی فہرست بھارتی ہائی کمیشن کے حوالے کی، اور یہ اقدام پاکستان اور بھارت کے درمیان 21 مئی 2008 کو ہونے والے قونصلر رسائی کے معاہدے کی دفعات کے مطابق ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان 8 جنوری 2018 کو 146 ماہی گیروں کو بھی رہا کرے گا۔
بھارت کی بلااشتعال فائرنگ، 3 شہری زخمی : پاکستان
نیوز ڈیسک
راولپنڈی// بھارتی فورسز نے ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ کی جب کہ پاکستانی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی بھی کی گئی ۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فوج نے ورکنگ باؤنڈری کے ظفر وال سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارتی اشتعال انگیزی سے 3 شہری زخمی ہوگئے۔