احمدآباد//اسرائیلی وزیر اعظم بنجیمن نیتن یاہونے آج کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نوجوان ہندوستان میں انقلابی تبدیلی لارہے ہیں اور دنیا کے طاقت ور ملکوں کی صف میں شامل کرنے کیلئے بڑی تیزی سے کام کررہے ہیں۔ مسٹر نیتن یاہو نے آج احمدآباد کے باولا علاقے میں واقع انوویشن سینٹر اور نئی نسل کے صنعت کاروں کی مدد کے لئے آئی کری ایٹ ادارہ کا رسمی افتتاح کے موقع پر مسٹر مود ی کی موجودگی میں اپنے خطاب میں کہا کہ آئی پاڈ اور آئی پیڈ کے بعد اب دنیا کو آئی کری ایٹ کو بھی جاننے کی ضرورت ہے جس کی بنیاد مسٹر مودی نے اپنے وزیر اعلی کے دور میں رکھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی نے تکنیک اور نوجوانوں کی طاقت کو سمجھ لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب وزیر اعظم مودی ہندوستان کو اپنی قیادت اور نظریہ سے بدلنے میں مصروف ہیں۔ وہ ہندوستان میں انقلابی تبدیلی لارہے ہیں اور اسے دنیا کے طاقت ور ملکوں کی فہرست میں شامل کرنے میں مصروف ہیں۔ وہ یہ کام اختراعات کی طاقت کے ذریعہ کررہے ہیں۔ دنیا کو بدلنے کی سوچ رکھنے والے نوجوان انٹرپرینیورس کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اور مسٹر مویدی دونوں بھی بہت نوجوان اور پرامید ہیں۔ دونوں اپنی سوچ میں نوجوان ہیں اور مستقبل کے تئیں پرامید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی کری ایٹ اسرائیل اور گجرات کے درمیان باہمی تعاون کا پہلا موقع نہیں ہے ۔ 2001میں گجرات میں آئے تباہ کن زلزلہ کے دوران اسرائیل نے کئی فیلڈ اسپتال قائم کئے تھے ۔ ایک سو سال پہلے اسرائیل کے حیفہ شہر کی آزادی کے لئے ہوئی لڑائی میں کئی ہندوستانی فوجی شامل ہوئے تھے جن میں کئی گجراتی تھے ۔ مسٹر نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل ہندوستان کے ساتھ پانی، زراعت، صحت اور لائف سائنس سمیت کئی شعبوں میں شراکت کیلئے تیا رہے ۔ انہوں نے اپنی آٹھ منٹ کی تقریر کا اختتام جے ہند، جے بھارت اور جے اسرائیل کہہ کر کیا۔یو این آئی