لندن//لبریشن فرنٹ کے سینئر وائس چیئرمےن عبدالحمید بٹ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے مجوزہ برطانیہ دورہ پر 18اپرےل کو لندن مےں بھارتی افواج کی جانب سے کشمیر مےں جاری انسانیت سوز مظالم کے خلاف تمام کشمیری برادری سے احتجاج کرنے کی اپیل کی ہے ۔ایک بیان کے مطابق فرنٹ لیڈر نے برطانیہ مےں مقیم کشمیریوں بالخصوص مظفرآباد ، گلگت اوربلتستان سے تعلق رکھنے والی مختلف سیاسی ، مذہبی و سماجی تنظیموںکے قائدین سے اپیل کی کہ بھارتی افواج کے ہاتھوں کشمیر ی عوام پر ڈھائے جارہے مظالم اور انسانی حقوق کی بدترین پا مالیوں کو اجاگر کرنے کے لئے وہ اپنے تمام تر ذاتی ، فروعی ، تنظیمی و نظریاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر لندن مےںبرطانوی وزیر اعظم کے ساتھ اُن کے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کی مجوزہ ملاقات کے موقع پر اپنا بھر پور احتجاج درج کرائےں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی زیرانتظام کشمیر کے عوام کے خلاف بھارت نے عملاً جنگ مسلط کی ہوئی ہے اور بھارتی فوج طاقت کا استعمال کرتے ہوئے عام کشمیریوں کو بالعموم اور نوجوانوں کو بالخصوص ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنا رہی ہے۔کٹھوعہ کی معصوم بچی آصفہ کی بے حرمتی ، بہیمانہ قتل اور قاتلوں کے حق میں بھارت کی حکمران جماعت سے وابستہ لوگوں کے احتجاج کو حد درجہ مذموم قرار دیتے ہوئے عبدالحمید بٹ نے کہا کہ اس تناظر میں یہ متحدہ احتجاج اور بھی اہمیت اختیار کرگیا ہے ۔انہوں نے برطانیہ مےں مقیم ریاستی باشندوں سے اپیل کی کہ وہ ذاتی ، گروہی ، تنظیمی اور نظریاتی حصار سے باہر نکل کر اتحاد و اتفاق کے ساتھ اےک آواز بن کر کشمیری عوام پر مظالم کے خلاف صف آراءہوکر دنیا کے اس اہم مرکز پر صدائے احتجاج بلند کرےں۔ انہوں نے لبرےشن فرنٹ برطانیہ زون کی قیادت پر بھی زور دیا کہ وہ بھی مکمل آزادی کا مطالبہ دہراتے ہوئے بھارتی وزیر اعظم کی کشمیر اور کشمیری کش پالیسی کے خلاف بھرپور احتجاج کریں۔