عظمیٰ نیوز ڈیسک
چنئی //محکمہ پولیس میں ڈیوٹی کے دوران داڑھی رکھنے کے ایک معاملے کی سماعت کرتے ہوئے مدراس ہائی کورٹ نے ایک اہم فیصلہ دیا ہے۔ ہائی کورٹ نے ایک کیس کی سماعت کرتے ہوئے ایک مسلم پولیس اہلکار کے ذریعہ ڈیوٹی پر داڑھی رکھنے کے اختیار کا دفاع کیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ ہندوستان متنوع مذاہب اور رسم و رواج کا ملک ہے اور اقلیتی برادریوں بالخصوص مسلم ملازمین کو داڑھی رکھنے پر سزا نہیں دی جا سکتی۔ ایک مسلم پولیس اہلکار نے اس فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی تھی جس میں اسے ڈیوٹی پر داڑھی رکھنے اور چھٹی مکمل ہونے کے بعد بھی نوکری پر نہ آنے پر دو سال تک کے لیے تنخواہ میں اضافے کو روک دیا گیا تھا۔جسٹس ایل وکٹوریہ غوری کی بنچ نے کہا کہ محکمہ پولیس میں سخت نظم و ضبط کی ضرورت ہے لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہے کہ اقلیتی اہلکاروں کو داڑھی رکھنے پر سزا دی جا سکتی ہے۔