سرینگر// پاکستان نے ’’بھارت پرسرحدی کشیدگی کوہوادینے کاالزام ‘‘عائدکرتے ہوئے جمعہ کے روزکہاکہ امسال حدمتارکہ پربھارتی فورسزنے 1300مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کیں ،جس دوران بھارتی فورسزکی گولہ باری کی زدمیں آکر52انسانی جانیں تلف ہوئیں اور175افرادزخمی ہوگئے ۔پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان محمدفیصل نے کہاکہ گزشتہ ہفتے کشمیر میں حافظِ قرآن یاور بشیر سمیت11 کشمیری نوجوان کو جاں بحق کیا گیا۔ محمدفیصل نے ہفتہ وارپریس بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ رواں برس بھارت کی جانب سے1300 سے زائد مرتبہ ایل او سی کی خلاف ورزیاں کی گئی، جس کی وجہ سے 52 افرادازجان اور 175 زخمی بھی ہوئے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ شب بھی بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کی گئی جس میں 2 افراد جاں بحق ہوئے۔پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان نے بھارتی وزیر داخلہ کی جانب سے ایل او سی سے متعلق بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دراندازی سے متعلق بیان میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے اپنے بھارتی ہم منصب کو خط بھی لکھا۔پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کو اقوام متحدہ کے مبصر مشن کے آزادانہ طور پر کام کرنے پر زور دیا ہے، اگر بھارت دراندازی کا الزام لگاتا ہے تو مبصر مشن کو کام کرنے دے۔پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان محمدفیصل کا پریس بریفنگ کے دوران کشمیر کے حوالے سے کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے کشمیر میں حافظِ قرآن یاور بشیر سمیت 11کشمیری نوجوان کو جاں بحق کیا گیا، جس پر ہزاروں کشمیروں کی جانب سے احتجاج بھی ریکارڈ کرایا گیا۔