سرینگر/ وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو قوم کے نام خطاب میں بتایا کہ بھارت خلائی طاقت کا حامل چوتھا ملک بن گیا ہے۔
انہوں نے کہا ''آج 27 مارچ کو بھارت نے کچھ ہی دیر قبل ایک ایسا کارنامہ انجام دیا ہے جس کی وجہ سے وہ خلائی سوپر پاور ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔ اس سے قبل یہ صلاحیت صرف امریکہ، روس اور چین کے پاس تھی۔''
انہوں نے بتایا کہ ہندوستان کے سائنسدانوں نے دیسی تکنیک سے ایسا میزائل تیار کیا جس نے زمین کے قریبی مدارمیں 300 کلومیٹر کے فاصلے پر ایک لائیو سیٹلائٹ کو مار گرایا اور اس نے یہ کام صرف تین منٹ میں انجام دیا۔
وزیر اعظم نے یہ بھی کہا''بھارت نے اس کے ذریعے کسی بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی ہے۔''
تقریبا گیارہ بجے وزیر اعظم مودی نے جب اپنے ٹوئٹر پر یہ اعلان کیا کہ وہ پونے بارہ سے بارہ بجے کے درمیان قوم کے نام خطاب میں ایک اہم اعلان کرنے والے ہیں تو میڈیا اور عوام دونوں میں بہت زیادہ تجسس تھا۔
اپنے خطاب کے بعد نریندر مودی کے ٹوئٹر ہینڈل پر اس کے متعلق باتیں بھی سامنے آئیں جس میں یہ کہا گیا کہ اس سے ''بھارت زیادہ مضبوط، اور زیادہ محفوظ ہوگا اور امن اور بھائی چارہ پھیلائے گا۔''