عظمیٰ نیوز سروس
گوڈا//راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس کی ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ جب جھارکھنڈ کے گوڈا پہنچی تو راہل گاندھی ایک نئے انداز میں دکھائی دیے۔ انہوں نے رپورٹر کا انداز اختیار کرتے ہوئے مائک پکڑ لیا اور عوام سے طرح طرح کے سوالات پوچھنے شروع کر دیے۔ نیشنل میڈیا پر حملہ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے اسے بی جے پی کا سسٹم قرار دیا اور پھر عوام سے ان کے مسائل پوچھنے لگے۔راہل گاندھی نے اس دوران ایک خاتون سے سوال کیا ’’آپ خاتون ہیں، بتائیے آپ کو کس طرح کے مسائل کا سامنا ہے، آپ مرکزی حکومت کی پالیسیوں سے کتنی خوش ہیں؟‘‘ خاتون نے جواب میں اپنی پریشانی بتائی۔ پھر راہل ایک نوجوان کی طرف مخاطب ہوئے اور پوچھا کہ انھیں روزگار ملا یا نہیں؟ جواب میں بتایا گیا کہ امتحان ہونے کے باوجود اب تک بے روزگار ہیں۔ جب راہل گاندھی نے ایک کسان کی طرف مائک بڑھایا تو انہوں نے کہا کہ فصلوں کی مناسب قیمت نہیں مل پا رہی اور وہ قرض کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔کچھ لوگوں نے راہل گاندھی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی کا بھی تذکرہ کیا اور سلنڈر کی بڑھتی قیمت کی مثال دی گئی۔ الگ الگ لوگوں کے الگ الگ مسائل سن کر راہل گاندھی نے بھیڑ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ سامنے آ کر خود اپنے مسائل رکھیں۔