عظمیٰ نیوز سروس
آر ایس پورہ //بھاجپا صدر رویندر رینا نے کہا کہ بی جے پی واحد پارٹی ہے جو ہر علاقے کی ہمہ گیر ترقی کو یقینی بنانے میں یقین رکھتی ہے اور وزیر اعظم نریندر بھائی مودی حکومت بنیادی اصولوں پر مبنی ہے اور “سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور سب کا پریاس کے منتر پر کام کر رہی ہے”۔ صدر رویندر رینا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان کو دنیا میں ایک الگ پہچان دی ہے جس کی وجہ سے آج ہر ہندوستانی کو فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی رہنما وزیر اعظم مودی کے احترام میں سر جھکا رہے ہیں جو وسودھیوا کٹمبکم کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔
رویندر رینا نے علاقے میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے ڈپٹی میئر بلدیو سنگھ بلواریہ کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے ڈپٹی میئر کے فعال انداز کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ شہر کے مکینوں کی بہتری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔ رویندر رینا نے کہا کہ ڈپٹی میئر بلدیو سنگھ بلواریہ ایک غیر معمولی لیڈر ہیں جنہوں نے جموں شہر کی بہتری کے لیے مسلسل اپنی وابستگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جموں کے ڈپٹی میئر بلدیو سنگھ بلوریا نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر رویندر رینا کا علاقے کا دورہ کرنے اور میٹنگ سے خطاب کرنے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔