عظمیٰ نیوز سروس
جموں //بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)، جموں و کشمیر نے اپنا ’لبھارتھی سمپرک ابھیان‘ شروع کیا اس مہم کے دوران پارٹی کے سینئر لیڈر مودی حکومت کی اسکیموں کے موجودہ سنہری فائدہ اٹھانے والوں سے رابطہ کریں گے۔اشوک کول جنرل سکریٹری (تنظیم)،جموں و کشمیر بی جے پی نے سانبہ اسمبلی حلقہ میں پولنگ بوتھ 80، چک مانگا میں ابھیان کی شروعات کی جس میںانہوں نے گولڈن استفادہ کنندگان سے رابطہ کیا، جنہوں نے وزیراعظم کی ایک سے زیادہ استفادہ کنندگان کی اسکیموں کے فوائد حاصل کئے ہیں۔اس ابھیان کے دوران اشوک کول نے دیگر لیڈروں کے ساتھ ان خاندانوں سے بھی بات چیت کی جن کے پاس اب پی ایم اے وائی اسکیم کے ذریعے اپنا گھر ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پوری مشق کا مقصد بوتھ کی سطح پر استفادہ کنندگان کی صحیح تعداد کو جاننا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ مشق ضرورت مندوں اور معاشرے کے نظر انداز طبقات کے لئے پارٹی کے نقطہ نظر کو مزید مضبوط کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس بات چیت نے فائدہ اٹھانے والوں کو پی ایم اے وائی اسکیم کے بارے میں اپنے تجربات اور آراء کا اشتراک کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا جس کا مقصد سب کے لئے سستی مکانات اور دیگر عوامی فلاحی اسکیموں کی فراہمی ہے۔شام لال شرما جے اینڈ کے بی جے پی کے نائب صدر اور بی جے پی ’لبھارتی سمپرک ابھیان‘ کے انچارج نے بتایا کہ بی جے پی نے جموں کے 178 منڈلوں اور جموں و کشمیر کے 28 منڈلوں میں ابھیان کا آغاز کیا، جس میں مختلف سطحوں پر پارٹی لیڈروں نے قیادت کی۔