راجوری //راجوری پونچھ میں شراب پر مکمل پابندی کا مطالبہ کرتے ہوئے بھاجپا لیڈر وضلع جنرل سیکریٹری کپل سریال نے کہاکہ اگر ایسا نہ کیاگیاتو سرکار مخالف احتجاج کیاجائے گا۔ڈاک بنگلہ راجوری میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کپل نے کہاکہ ریاستی سرکار کو چاہئے کہ وہ جموں وکشمیر میں شراب پر پابندی عائد کرے، اگر ایسا نہیں کیا جاسکتا ہے تو کم ازکم راجوری پونچھ میں شراب کا کاروبار بند ہونا چاہئے اور اگر ایسا کرنے میں سرکار ناکام رہی تو اس کے خلاف احتجاج کیاجائے گا ۔ کپل سریال کا کہنا تھا کہ شراب نوشی سے جرائم پیداجنم لیتے ہیں جو معاشرے کے لئے سخت نقصان دہ ثابت ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حادثات سے لیکر دیگر جرائم شراب پینے کے بعد انجام دئیے جارہے ہیں جو ایک بہتر معاشرے کے لئے تشویشناک بات ہے ۔ ان کاکہناتھاکہ وہ سرکار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملک کی دیگر ریاستوں کی طرح جموں وکشمیر میں بھی شراب پر پابندی عائد کی جائے تاکہ نئی نسل کو اس زہریلی لعنت سے بچایا جاسکے ۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ راجوری سے اپیل کی کہ اس سلسلے میں پہل کی جائے اور ڈپٹی کمشنر اس معاملے پر ذاتی توجہ دیتے ہوئے راجوری پونچھ میں شراب خانوں پر پابندی عائد کرنے کے لئے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ شراب خانے اسکول اورمذہبی عبادت گاہوں سے دور ہونے چاہئے لیکن راجوری میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسجدوں اور مندوں کے سامنے شراب خانے کھلے ہوئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ حکومت عوام کو احتجاج کیلئے مجبور نہ کرے ۔اس دوران کارکنان کی طرف سے شراب کے خلاف احتجاج بھی کیاگیا۔