عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے نو منتخب ضلع صدر دیو راج شرما نے بدھ کے روز زیارت شاہدرہ شریف کا دورہ کیا۔ اس موقع پر تھنہ منڈی میں پارٹی کارکنان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں پھول مالائیں پہنائیں۔ استقبال کے دوران سینئر بی جے پی لیڈر عبدالغنی شال، حاجی مقبول رینہ، ڈاکٹر کرامت ملک، کیپٹن محمد اعظم سمیت دیگر کئی سرکردہ کارکنان موجود تھے، جنہوں نے دیو راج شرما کو مبارکباد پیش کی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر دیو راج شرما نے کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 21 جنوری کو پارٹی ہائی کمان نے انہیں ضلع راجوری کا صدر منتخب کیا، جس کے لئے وہ تمام کارکنان کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی وہ پارٹی کے مختلف عہدوں پر اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں اور اب بطور ضلع صدر عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے پارٹی کارکنان پر زور دیا کہ وہ ہر بلاک اور پنچایت تک پہنچ کر عوام کے مسائل سنیں اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ منتخب عوامی نمائندوں کو بھی عوامی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر کرامت ملک نے منتخب ایم ایل اے سے سخت سوالات کیے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن مہم کے دوران عوام سے کیے گئے وعدے کہاں ہیں؟ انہوں نے یاد دلایا کہ 12 گیس سلنڈر، 200 یونٹ مفت بجلی اور پانچ کلو مفت اناج فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، جو بدقسمتی سے اب تک پورا نہیں ہوا۔ ڈاکٹر کرامت ملک نے مزید کہا کہ تھنہ منڈی کی سڑکوں اور ہسپتال کی خستہ حالی انتہائی تشویشناک ہے، جسے ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ انتخابی وعدوں کو عملی جامہ پہنائے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو۔ بی جے پی ضلع صدر کے اس دورے کے بعد کارکنان اور مقامی عوام میں ایک نیا جوش و خروش دیکھنے کو ملا۔ عوام کو امید ہے کہ پارٹی قیادت ان کے بنیادی مسائل کو حل کرنے میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔ تھنہ منڈی کے عوام اب عملی اقدامات کے منتظر ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کے علاقے میں ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز ہو، تاکہ ان کی مشکلات میں کمی آئے اور وہ ایک بہتر معیار زندگی حاصل کر سکیں۔