سمت بھارگو
راجوری//جموںوکشمیرکے راجوری ضلع کے بڈھال گاؤں میں ایک بھائی بہن کی موت ہوگئی جبکہ ان کے دو دیگر بہن بھائیوں کو اپنے گھر میں بیمار ہونے کے بعد ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔اس سے قبل اتوار کو اس گاؤں میں ایک باپ اور اس کے تین بچوں کی مشتبہ فوڈ پوائزننگ کے معاملے میں موت ہو گئی تھی جب کہ ہسپتال میں زیر علاج خاندان کے ایک اور بچے کی جمعرات کو موت ہو گئی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔اس گاؤں کا یہ دوسرا واقعہ ہے جس میں مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا اور حکام نے بھی ان متعدد واقعات پر الرٹ جاری کر دیا ہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ بڈھال گاؤں کے تین بہن بھائی بخار کے ساتھ بیماری میں مبتلا ہوگئے جس کے بعد انہیں جمعرات کی صبح سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کوٹرنکا لے جایا گیا جہاں نازیہ کوثر (07سال) دختر محمد رفیق ساکن بدھل کا انتقال ہوگیا۔اس کے دو بڑے بھائیوں اشتیاق احمد (12سال) اور اشفاق احمد (09سال) کو جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ ہسپتال راجوری ریفر کیا گیا جہاں سے اشتیاق احمد کو مزید علاج کیلئے نازک حالت میں جی ایم سی جموں ریفر کیا گیا لیکن وہ بھی جموں کے راستے میں انتقال کر گئے۔بہن اور بھائی کی موت سے لوگوں میں مزید خوف وہراس پھیل گیا ہے کیونکہ علاقے میں یہ دوسرا واقعہ ہے۔جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شمیم احمد نے کہا’’ہمیں جمعرات کی صبح سب ضلع ہسپتال کنڈی کوٹرنکا سے دو بھائی ملے جن میں سے ایک اشفاق کی حالت مستحکم تھی جبکہ اشتیاق بیمار تھا اور اسے لائف سپورٹ پر رکھا گیا تھا‘‘۔ ڈاکٹر شمیم احمد نے مزید کہا کہ اشتیاق کو جی ایم سی جموں ریفر کیا گیا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما نے بھی جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ ہسپتال راجوری کا دورہ کیا اور ہسپتال میں داخل بچوں اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔انہوں نے جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ ہسپتال کے ڈاکٹروں سے بھی ملاقات کی اور ان سے کہا کہ وہ ہر قسم کے ضروری نمونے لینے کے ساتھ ساتھ ہسپتال میں داخل بچوں کو بہترین ممکنہ لائف کیئر سپورٹ اور امداد کو یقینی بنائیں۔
جی ایم سی جموںمیں داخل بچے کی فوت
خاندان میں پانچویں موت، اب صرف والدہ زندہ
سمت بھارگو
راجوری//افسوسناک صورتحال نے راجوری کے گاؤں بڈھال کو مزید اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جہاں ایک خاندان کے ایک اور رکن، ایک بچے کی، مشتبہ فوڈ پوائزننگ کیس میں موت ہوگئی۔اس سے قبل اس خاندان کے چار افراد اتوار کو اس واقعے میں ہلاک ہو گئے تھے۔یہ مشتبہ فوڈ پوائزننگ کا واقعہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب پیش آیا جس میں فضل حسین (40سال) ولد نظام دین ساکن بڈھال اور اس کے تین بچے رابعہ کوثر (15سال)، رخسار احمد (12سال)، فرمان کوثر (10سال) کی اتوار کو موت ہوگئی جبکہ اس کی بیوی شمیم اختر (38سال) اور رفتار احمد (4سال) کو جی ایم سی جموں کے ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں بیٹا رافتر احمد جمعرات کو چل بسا۔اس سے ایک خاندان میں ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے جس کے خاندان میں صرف بچوں کی ماں زندہ ہے جو جی ایم سی جموں میں زیر علاج ہے۔
مجسٹریل جانچ کا حکم
نمونے لینے کا عمل جاری
سمت بھارگو
راجوری//ضلع مجسٹریٹ راجوری ابھیشیک شرما نے چھ بچوں سمیت سات لوگوں کی موت کے واقعات کی مجسٹریٹ جانچ کا حکم دیا ہے۔جمعرات کی شام کو مقررہ وقت کی مجسٹریل جانچ کا حکم دیا گیا ہے اور ڈی ایم آفس میں رپورٹ پیش کی جائے گی۔ڈی ایم راجوری ابھیشیک شرما نے کہا’’ہم نے واقعہ کی مجسٹریل جانچ کا حکم دیا ہے اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کوٹرنکا آزادانہ تحقیقات کریں گے‘‘۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ان واقعات کے بعد دیگر ضروری اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن میں خاص طور پر مقامی لوگوں اور خاص طور پر متاثرہ خاندانوں کی جانب سے استعمال کیے جانے والے پانی، خوراک اور دیگر اشیاء کے جارحانہ نمونے لینے شامل ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بدھل علاقوں میں لوگوں کی سکریننگ کے لیے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم بھی علاقے میں تعینات ہے۔دریں اثنا، جموں و کشمیر حکومت نے وبائی امراض کے ماہرین کی ایک ٹیم کو بھی اس علاقے میں تعینات کیا ہے۔ڈائریکٹوریٹ ہیلتھ سروسز جموں کے ایپیڈیمولوجسٹ آفس کے افسران کو 13 دسمبر کو سائٹ کا دورہ کرنے کے لیے تعینات کیا گیا ہے جن میں میڈیکل آفیسر ایپیڈیمولوجی ڈاکٹر پریم لتا، اسٹیٹ ایپیڈیمولوجسٹ آئی ڈی ایس پی ڈاکٹر سمرن ناگ، مائکرو بایولوجسٹ جموں ڈویژن اجے کمار اور دیگر شامل ہیں۔اس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ نے اس مسئلے پر ایک ہیلپ لائن بھی جاری کی ہے جس میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی مدد کے لیے ہیلپ لائن نمبرز پر رابطہ کریں۔ضلع انتظامیہ راجوری نے فوری مدد کے لیے ہیلپ لائن نمبرز کو مشتہرکیا ہے جن میں ڈاکٹر شجاع قادری کمیونٹی میڈیسن 81484 80182، ڈاکٹر جاوید اقبال فرانزک میڈیسن 78896 47091، ڈاکٹر ابرار چائلڈ سپیشلسٹ 96221 78112، ڈاکٹر لیلیٰ،چائلڈ سپیشلسٹ 677477812اور ڈاکٹر سمیر ابرول فزیشن/گیسٹرو اینٹرولوجسٹ 88037 73626شامل ہیں۔