راجوری //خراب موسمی حالات کے دوران راجوری میں ایک بکروال مٹی کے تودے کی زدمیں آگیا جس کی وجہ سے 9سالہ بچی لقمہ اجل بن گئی جبکہ کنبے کے دیگر چار افراد زخمی ہوئے ہیں ۔یہ واقعہ گزشتہ شب ساڑھے گیارہ بجے راجوری کے دلہوڑی گائوں میں پیش آیا جہاں یہ کنبہ رات کو اپنے عارضی خیمہ میں قیام کررہاتھا ۔سرکاری ذرائع نے بتایاکہ مٹی کے تودے کی زد میں اس کنبہ کے پانچ افراد آئے جن کی شناخت محمد طارق ولد محمد فاروق ، نگینہ کوثر دختر محمد فاروق ، رقیہ بیگم زوجہ محمد فاروق،محمد فاروق ولد محمد حسین اور ۹ سالہ شبینہ کوثر دختر محمد فاروق ساکنان دلہوڑی کے طور پر ہوئی ہے ۔واقع کی اطلاع ملتے ہی قریب میں رہ رہے دیگر بکروال کنبوں کے افراد دوڑ کر موقعہ پر پہنچے اور ساتھ ہی پولیس کی ٹیم بھی آگئی ۔اس دوران بچائو کارروائی کرکے ملبے تلے دبے سبھی افراد کو باہر نکال کر ہسپتال منتقل کیاگیاجہاں نو سالہ شبینہ کوثر کو مردہ قرار دیاگیاجبکہ دیگر زخمیوں کا علاج کیاجارہاہے ۔ دریں اثناء ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد ،ایڈیشنل ڈی سی شیر سنگھ اور میڈیکل سپرانٹنڈنٹ راجوری ہسپتال ڈاکٹر محمودبجاڑ نے متاثرہ کنبے سے ملاقات کرکے ان کی داد رسی کی ۔ اس دوران ضلع انتظامیہ کی طرف سے متاثرہ کنبے کے حق میں چار لاکھ روپے کی منظوری دی گئی ہے ۔