سرینگر//پولیس نے سال2005کے دلی سلسلہ وار بم دھماکوں کے الزام میں12سال کی طویل نظر بندی کے بعد عدالت کی طرف سے بری کئے گئے صورہ سرینگر کے ایک شہری کے گھر پر چھاپہ ڈال کر ان کے بڑے بھائی کو گرفتار کرلیا ہے۔پولیس اسٹیشن صورہ سے وابستہ اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد جمعہ کی صبح صورہ کے بژھ پورہ علاقے میں نمودار ہوئی اور محمد حسین فاضلی کے گھر پر چھاپہ ماراتاہم فاضلی خود گھر میں موجود نہیں تھے اور پولیس نے ان کے بڑے بھائی کو اپنے ساتھ لے لیا۔محمد حسین فاضلی تہاڑ جیل دلی میں12سال کی مسلسل نظر بندی کے بعد گزشتہ برس رہا ہوگئے۔پیشہ سے شال کے کاروبار سے وابستہ فاضلی کو 21 نومبر 2005کو ان کے گھر سے گرفتارکیا گیا تھا اور بعد میں انہیں دلی منتقل کیا گیا۔اُس وقت ان کی عمر31سال تھی۔فاضلی پر 29اکتوبر2005کو دیوالی سے قبل دلی میں ہوئے سلسلہ وار بم دھماکوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ۔ گزشتہ برس16فروری کو دلی کی ایک عدالت نے فاضلی کو الزامات سے بری کردیا،18فروری کو ان کی رہائی عمل میں لائی گئی اورانہوںنے 12سال کی طویل نظر بندی کے بعد اپنے گھر میں قدم رکھا۔محمد حسین فاضلی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ انہیں آئے روز پولیس تھانہ صورہ سے بلاوا بھیجا جاتا ہے لیکن چونکہ ان کے خلاف اب کوئی کیس نہیں ہے، لہٰذا وہ پولیس کے پاس نہیں گئے۔ انہوں نے کہا کہ فاضلی کی والدہ علیل ہے اور کوئی بھی ناخوشگوار خبر اس کیلئے خطر ناک ثابت ہوسکتی ہے۔