بڈھا امرناتھ یاترا کے پہلے قافلے کی منڈی مندر میں حاضری سیول سوسائٹی منڈی کے معززین نے والہانہ استقبال کیا

 عشرت حسین بٹ

منڈی//سالانہ بڈھا امرناتھ یاترا مندر منڈی کے تحت جمعرات کو یاترا کا پہلا جتھہ منڈی پہنچا جس دوران چھ سو سے زائد یاتریوں نے بڈھا امرناتھ مندر منڈی پہنچ کر درشن کر کے اپنی عقیدت کے پھول نچھاورکئے ۔اس سے قبل سیول سوسائٹی منڈی نے بغیر کسی مذہب و ملت رنگ و نسل ہندو مسلم سکھ عیسائی بھائی چارے کی رسم کو برقرار رکھتے ہوئے منڈی بس اڈہ پر یاترا کا پھول مالایں پہنا کر پْر تپاک استقبال کیا۔ ملک کے مختلف کونوں سے آنے والے یاتریوں نے اس موقعہ پر سیول سوسائٹی منڈی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بہت خوشی ہوئی کہ ان کا استقبال مسلم طبقہ سے جڑے لوگوں نے کیا جو کہ ضلع پونچھ کے بھائی چارے کو اجاگر کرتا ہے۔ مہاراشٹرہ سے آئے ہوئے ویندود کمار کلکرنی نامی ایک یاتری کا کہنا تھا کہ انہیں یہ دیکھ کر بہت خوشی محسوس ہوئی کہ منڈی کے مقامی لوگ اس یاترا میں بڑھ چھڑ کر حصہ لیتے ہیں جو کہ آپسی بھائی چارے کی مثال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جموں سے لیکر منڈی بڈھا امرناتھ تک ان کے لئے انتظامیہ اور مقامی لوگوں کی جانب سے بہترین انتظامات کئے گئے تھے جس کے لئے وہ تمام لوگوں کے شکرگزاد ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ کہ آنے والے وقت میں بڈھا امرناتھ منڈی کی یاترا مزید فروغ پائے گی اور ملک کے کونے کونے سے لوگ یہاں آکر یاترا کریں گے اور یہاں سے آپسی بھاچارے کا پیغام لے جائینگے ۔