سمیت بھارگو
راجوری//آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) نئی دہلی کی منظوری کے بعد، ضلع انتظامیہ راجوری نے بڈھال، راجوری کے 350 افراد کو گھر واپس بھیج دیا ہے جو ضلع ہیڈ کوارٹر راجوری میں قائم خصوصی علیحدگی / قرنطینہ سہولیات میںپچھلے22 دنوں سے رکھے گئے تھے۔راجوری کے بڈھال گائوں کے 17 شہری 7 دسمبر سے پراسرار حالات میں موت کے منہ میں چلے گئے اور درجنوں لوگوں کو بیمار حالت میں ہسپتال میں داخل کرایا گیا اور بعد میں انہیں چھٹی دے دی گئی۔ان اموات نے ملک بھر میں خوف و ہراس اور صحت کی تشویش پیدا کر دی اور قومی سطح کے اداروں کی ٹیموں کے ساتھ ساتھ قومی سطح کے طبی ماہرین نے متاثرہ گائوں کا دورہ کیا ۔ جموں و کشمیر پولیس کی خصوصی تفتیشی ٹیم کی طرف سے تحقیقات کے علاوہ پچھلے دو ماہ سے بڑے پیمانے پر طبی جانچ جاری ہے۔ان اموات کے بعد، حکام نے بتایا، حکام کی جانب سے بڈھال گائوں کو کنٹینمنٹ زون قرار دیتے ہوئے ایک بڑا قدم اٹھایا گیا، جس کے بعد مقامی خاندانوں کو باہر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔حکام نے کہا”فوڈ چین میں کچھ نیوروٹوکسن کے موجود ہونے کے شبہ کے ساتھ جو ان اموات کا سبب بن سکتا ہے، ہم نے گائوں کے مقامی خاندانوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر راجوری میں قائم تین علیحدگی کی سہولیات میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا اور یہ لوگ پچھلے بائیس دنوں سے سہولیات میں رکھے ہوئے تھے” ۔دریں اثنا، 22 دن تک ان سہولیات میں رہنے کے بعد بڈھال گائوں کے 70 خاندانوں کے 350 افراد کو ان کے گھروں کو واپس بھیج دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما نے کہا کہ ان علیحدگی کی سہولیات میںافراد کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کی گئیں جبکہ گائوں کے لوگوں کے مویشیوں کی دیکھ بھال کے لیے اہلکاروں کی وقف ٹیمیں گائوں میں تعینات ہیں۔انہوں نے بتایا کہ تقریباً چالیس افراد کو جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ ہسپتال راجوری میں سخت طبی نگرانی میں رکھا گیا جبکہ دیگر کو راجوری میں گورنمنٹ نرسنگ کالج کی عمارت اور گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول راجوری میں قائم علیحدگی کی سہولیات میں رکھا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ایمس کی ہدایت پر ان لوگوں کے لئے ایک مناسب ڈسچارج پالیسی پر عمل کیا گیا جس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ کوئی بھی دیہاتی جو پچھلے 21 دنوں سے علیحدگی کی سہولت میں ہے اور اس میں کسی قسم کی علامات پیدا نہیں ہوئی ہیں انہیں رہا کیا جاسکتا ہے۔ڈی سی راجوری نے کہا”ہم نے ایس او پی پر عمل کیا اور 350 افراد کو قرنطینہ ست فارغ کر دیا ہے جبکہ 40 کے قریب لوگ اب بھی GMC میں طبی نگرانی میں ہیں۔” ۔جمعرات کو، ضلع انتظامیہ راجوری کی طرف سے ایک خصوصی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا ۔ڈاکٹروں، فوڈ سیفٹی ماہرین اور دیگر کی ٹیموں نے گائوں والوں کو ان تمام احتیاطی تدابیر کے بارے میں بتایا جن پر انہیں عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
گھروں میں موجود اناج و کھانے پینے کی اشیاء ضبط
کیڑے مار ادویات کی دکانیںفی الحال بند رکھنے کے احکامات
سمیت بھارگو
راجوری //ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما نے اعلان کیا کہ احتیاطی اقدام میں، راجوری ضلع میں تمام کیڑے مار دوایات کے سٹور اگلے احکامات تک بند رہیں گے۔یہ سٹورز 6 روز قبل بند کر دیئے گئے تھے اور ماہرین کی ایک ٹیم نے تحقیقات کے حصے کے طور پر ان دکانوں سے نمونے اکٹھے کیے تھے۔ڈپٹی کمشنر راجوری نے کہا”ہم نے اپنی جاری تحقیقات کے ایک حصے کے طور پر ان اسٹورز سے نمونے اکٹھے کیے اور اسٹورز بند کردیے گئے۔” ادھرایک بڑی مشق میں، حکام نے بڈھال گائوں کے گھروں میں موجود تمام اناج اور خشک راشن کو ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔امور صارفین و عوامی تقسیم کاری ڈیپارٹمنٹ کو بھی پرانے اناج کا تازہ سٹاک سے تبدیل کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ اگرچہ طبی بنیادوں کے ساتھ ساتھ پولیسنگ کے محاذ پر بھی، بڈھال گائوں میں17پراسرار اموات کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں لیکن گھروں میں رکھے خشک راشن اور اناج کے بارے میں شبہ موجود ہے۔حکام نے بتایا”اب، ایک احتیاطی اقدام کے طور پر، ہم نے بڈھال گائوں میں خاندانوں کے ذریعہ ذخیرہ کردہ ہر قسم کا خشک راشن اور اناج ضبط کر لیا ہے۔” انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ فوڈ نے ان خاندانوں کو ضروری ٹکٹ جاری کر دیے ہیں جنہیں محکمہ کے فوڈ سٹور سے راشن کا تازہ ذخیرہ فراہم کیا جائے گا۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر نے کہا کہ یہ فیصلہ احتیاطی نوعیت کا ہے اور ان خاندانوں کے ذریعہ ان کے گھروں میں رکھے ہوئے اناج، خشک راشن جیسے آٹا اور دیگر کھانے پینے کی اشیا پر کچھ شکوک و شبہات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔