سمت بھارگو
راجوری//تھنہ منڈی کے رکنِ اسمبلی مظفر اقبال خان نے جمعرات کو جی ایم سی ہسپتال راجوری کا دورہ کیا، جہاںموصوف نے کوٹرنکہ سب ڈویژن کے گاؤں بڈھال کے سات مریضوں کی عیادت کی ۔یہ مریض اس گاؤں سے تعلق رکھتے ہیں جہاں گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران 17 پراسرار اموات ہوچکی ہیں اور حکام ابھی تک ان اموات کی وجوہات جاننے میں ناکام ہیں۔ایم ایل اے موصوف نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پراسرار حالات میں اتنی بڑی تعداد میں اموات کا ہونا انتہائی تشویشناک ہے۔انہوں نے زور دیا کہ ان اموات کی وجوہات کی نشاندہی کے لئے مربوط کوششیں کی جائیں تاکہ اس پراسرار سلسلے کو ختم کیا جا سکے۔مزید برآں، خان نے حکومتِ ہند سے مطالبہ کیا کہ راجوری میں ایک ہوائی ایمبولینس فراہم کی جائے تاکہ گاؤں کے مریضوں کو پی جی آئی چندی گڑھ بروقت منتقل کیا جا سکے۔