سرینگر//بڈگام کے ایک گائوں کے جواں سال تاجر کو ہماچل پردیش میں کرایہ کے کمرے میں مردہ پایا گیا۔ہماچل پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ نوجوان نے ممکنہ طورخود کو پھانسی پر لٹکا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا جبکہ بڈگام پولیس نے اس سلسلے میں ہماچل پولیس سے رابطہ قائم کرلیا ہے۔ بڈگام کے وحدت پورہ نامی گائوںسے تعلق رکھنے والا 21سالہ منیب حسن میر ولد نثار احمد منالی ہماچل پردیش میں کاروبار کرتا تھا۔معلوم ہوا ہے کہ منیب منالی کے بھا جوگی نامی علاقے میں کرایہ کے ایک کمرے میں عارضی طور رہائش پذیر تھا اور امسال20اپریل کو کاروباری سرگرمیوں کے سلسلے میںمنالی گیا تھا۔جمعہ کی شام اس کے کئی ساتھی جب اس سے ملنے گئے تو یہ دیکھ کر ششدر رہ گئے کہ منیب کمرے کی چھت سے پھانسی پر مردہ لٹک رہا تھا ۔اس کے با وجود اسے نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔معاملے کی اطلاع مقامی پولیس کو دی گئی اور پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لیکر طبی اور قانونی لوازمات پورے کئے۔ہماچل پولیس نے کہا ہے کہ یہ بہ ظاہر ایک خود کشی کا معاملہ ہے اور منیب نے اپنے آپ کو ایک رسی کے سہارے کمرے کی چھت سے پھانسی پر لٹکا دیا تھا۔تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اس بارے میں پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی حتمی رائے قائم کی جاسکتی ہے۔ہماچل پولیس نے اس سلسلے میں سی آر پی سی کی دفعہ174کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔منیب کے والد اور دیگر رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ وہ ذہنی طور اتنا کمزور نہیں تھا کہ خود کشی کے بارے میں سوچتا۔انہوں نے کہا کہ منیب نے محرم کی تقریبات میں شرکت کرنے کیلئے سوموار کو گھر آنے کا وعدہ کیا تھا۔ادھر بڈگام پولیس نے اس معاملے کو لیکر ہماچل پولیس کے ساتھ رابطہ کرلیا ہے جس کی ایس ایچ او بڈگام محمد رفیق شاہ نے تصدیق کی ہے۔