سرینگر//جموں کشمیرہائی کورٹ کے جج اور چیئرمین جوئینائل جسٹس کمیٹی ،جسٹس علی محمدماگرے نے جمعرات کو ہارون میں آوبزرویشن ہوم کا معائنہ کرکے وہاں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیااور وہاں رہنے والے بچوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔اُن کے ہمراہ ممبر سیکریٹری جوئنائل جسٹس کمیٹی عبدالرشید ملک ،ڈپٹی کمشنر سرینگر اعجازاسد اور دیگر اعلیٰ حکام تھے۔جسٹس ماگرے نے اس موقعہ پر بچوں کے ساتھ بات چیت کی اوران کی خیروعافیت پوچھی اور انہیں دستیاب سہولیات سے متعلق آگاہی حاصل کی۔عدالت عظمیٰ کی جوئنائل جسٹس کمیٹی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بچوں کی نگہداشت کے اداروں کی ہیلپ لائن قائم کرنے پرزوردیاتاکہ کورونا وباء کی وجہ سے یتیم ہوئے بچوں کی مدد کی جائے ۔حکام سے بچوں کے متعلق بات کرتے ہوئے جسٹس ماگرے نے مشن ڈائریکٹوریٹ آئی سی پی ایس کو تمام سی سی آئیز کاڈاٹاشیئر کرنے کی ہدایت دی جوڈپٹی کمشنر کے پاس رجسٹر ہیں یا رجسٹر نہیں ہیں تاکہ ضلع مجسٹریٹ ان کی نگرانی کریں اور ان کے درمیان تال میل بنائے رکھیں۔ جسٹس ماگرے نے بچوں کی بہبود سے متعلق کئی معاملات کو اُجاگر کیااورانہیں موجودہ وباء سے بچائے رکھنے کیلئے انہیں مناسب طبی سہولیات مہیا رکھنے کی تلقین کی۔