ڈورو//ڈورو شاہ آباد کے بٹہ گنڈ علاقہ میں گذشتہ کئی ہفتوں سے پینے کے پانی کی قلت ہے جس کے سبب مقامی آبادی کو سخت مشکلات درپیش ہیں۔اس صورتحال کے خلاف منگل کو خواتین نے ہاتھوں میں خالی مٹکے لیکر محکمہ پی ایچ ای کے خلاف احتجاج کیا ۔احتجاجی مظاہرین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اُن کا گائوں ویری ناگ چشمہ سے محض ایک کلومیٹر دور ہے تاہم محکمہ لوگوں کو پانی کی سپلائی مہیا کرانے میں ناکام ہوا ہے ،جس کی وجہ سے اُنہیں حصول پانی کیلئے لمبی مسافت طے کر نا پڑتی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ محکمہ نے آج سے 10سال قبل علاقہ میں پانی کی ٹینکی تعمیر کی تاہم نامعلوم وجوہات کی بناء پر چالو نہیں کی گئی جس کی وجہ سے سینکڑوں نفوس پر مشتمل آبادی پانی کی بوند بوند کو ترس رہی ہے۔