عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// بٹہ مالو سرینگر کے پرانے بس اسٹینڈ کے قریب سڑک حادثے میں ایک 40 سالہ شخص کی موت ہو گئی۔ موٹر سائیکل زیر نمبر JK01D-7021کو آٹو نے زور دار ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار فاروق احمد بٹ ولد ثنا اللہ بٹ ساکنہ خواجہ پورہ، نوگام شدید طو رپر زخمی ہو گیا ۔ ڈرائیور موقعہ سے فرار ہو گیا جس کے بعد مقامی لوگوں نے زخمی شہری کو اٹھا کر علاج کیلئے اسپتال پہنچایا تاہم وہ اسپتال میں زندگی کی جنگ ہار گیا ۔ پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے بتایا کہ اس معاملے میں کیس درج کر لی گئی ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔ادھر سرینگر میں ڈل جھیل کے گھاٹ نمبر 8 میں ایک شخص بے ہوش پایا گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر اسے اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔شہری کی شناخت شبیر رفیق موچی ساکن تجار محلہ نوہٹہ سری نگر کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔ اس دوران پنجاب سے تعلق رکھنے والے مزدور کی بڈگام کے بیروہ علاقے میں سینے میں درد کی شکایت کے بعد موت ہو گئی۔حکام نے بتایا کہ 31سالہ مجندر سنگھ ولد لطف سنگھ ساکنہ دیون پنجاب انیٹ کے بھٹ میںکام کر رہا تھا جس دوران انہوں نے اچانک سینے میں درد کی شکایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ مزدور کو فوری طو رپر علاج کیلئے سب ضلع اسپتال بیروہ بڈگام منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔