محمد تسکین
بانہال// تحصیل بٹوت کی پنچایت تھوپال کے علاقہ دھرالتہ میں پچھلے پندرہ روز سے ٹرانسفارمر کے خراب ہونے کی وجہ سے ایک سو کے قریب کنبے بجلی سے محروم ہیں اور خراب ہوئے ٹرانسفارمر کی مرمت کیلئے محکمہ بجلی کی طرف سے پندرہ روز بعد بھی اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو فون پر بتایا کہ دھرالتا بٹوت میں نصب 63کلوواٹ کی صلاحیت والا بجلی ٹرانسفارمر 27فروری کو خراب ہوا ہے اور پندرہ روز گزرنے کے باوجود ٹرانسفارمر کی مرمت اور نیا ٹرانسفارمر لگانے کے بارے میں کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دو ہفتوں سے ایک سو کے قریب کنبے بجلی سے محروم گھپ اندھیروں کا شکار ہیں اور دو ہفتوں سے بجلی بند رہنے کے باوجود محکمہ بجلی بٹوٹ سب ڈویژن کیطرف سے بجلی کی بلیں بھیجی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے ممبر اسمبلی رام بن ارجن سنگھ راجو ، ایکسیئن پاؤر ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈویژن بٹوت اور ضلع حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ دھرالتہ پنچایت تھوپال میں خراب پڑے بجلی ٹرانسفارمر کو بدل دیں۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر بٹوت سے کوشش کے باوجود رابطہ نہ ہوسکا ۔