نواز رونیال
رام بن // ضلع رام بن کی تحصیل بٹوت میں بٹوت- چکوا سڑک رابطے کی تعمیر کا کام ادھورا چھوڑے جانے پر مقامی آبادی و سیاسی و سماجی تنظیموں نے محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے خلاف سخت برہمی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس سالوںسے جاری تعمیری کام ابھی تک مکمل نہیں ہوا ہے ۔دس کلومیٹر لمبی بٹوت چکواہ سڑک رابطے کا کام سات کلومیٹر تک ہی بنایا گیا ہے وہاں سے آگے بنا کسی وجوہات کے کام کو روکے جانے سے مقامی آبادی کی فکر میں اضافہ ہوگیا ہے کہ کئی دہائیوں کے بعد بھی مکینوں کو سہولیات میسر نہیں ہو سکی ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کچھ مقامی لوگوں کی مداخلت کی وجہ سے سڑک کی تعمیر کا کام کئی سالوں سے رکا پڑا ہے جو مستحق علاقہ جات سے کافی دور ہے۔ واضح رہے کہ علاقہ پڑھیال میں ایک دیوتا کامندر اور ایک زیارت بھی واقع ہیں جہاں ہر سال ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند حاضری کیلئے جاتے ہیں اسلئے سڑک رابطہ یہاں تک میسر ہونا اشد ضروری ہے ۔کانگریس کے سینئر لیڈر راشد ملک نے ذرایع ابلاغ کے نمائندے سے بات کرتے ہوے کہاکہ مرکز میںبرسر اقتدار کے جماعت سے تعلق رکھنے والے سیاسی نمائندے و کارکن اپنے کاروبار چلانے کے لئے سڑک کو تین کلومیٹر پہلے روک دیا ہے جبکہ پبلک دربار میں ڈپٹی کمشنر کے نوٹس میں لانے کے باوجود ابھی تک کسی بھی قسم کی کوئی کارروائی نہیں ہو ئی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کو جلدازجلد تعمیر کیا جائے تاکہ عام لوگوں کو فائدہ مل سکے ۔