حسین محتشم
پونچھ//تحصیل منڈی کے لورن کے بٹلکوٹ کے بیلہ بالاعلاقے میں واقع ہیلتھ سینٹرمیں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے گاؤں کے لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ حلقہ پنچایت بٹل کوٹ کے علاقے میں کئی سال قبل طبی شعبہ کو مستحکم بنانے کے غرض سے ایک طبی مرکز قائم کیا گیا تھا۔ اس دوران طبی مرکز کے لئے ایک نئی عمارت تعمیر کی گئی جہاں پر تقریباً ہر طرح کی سہولیات فراہم کرانے کی بات کہی گئی تھی لیکن ابھی تک یہاں پوری طرح سے سہولیات دستیاب نہیں ہے۔اس حوالے سے مقام شہریوں کی جانب سے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جہاں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بٹل کوٹ علاقہ تحصیل ہیڈکوارٹر سے تقریباً 12 کلومیٹر دور مضافات میں واقع ہے جس میں کئی گاؤں آتے ہیں۔ اس گاؤں کے لوگوں کی صحت کی دیکھ بال اسی ہیلتھ سنٹر پر منحصر ہے تاہم اس سنٹر میں نہ ڈاکٹر ہیں اور نہ ہی دیگر سہولیات فراہم ہیں۔ ان کا کہنا تھا وہیں یہ علاقے ضلع ہسپتال سے کافی دور بھی ہے جس کی وجہ سے اس علاقہ میں رہنے والے لوگوں کو ضلع ہسپتال میں چھوٹی سے چھوٹی بیمار کا علاج کرنے کے لئے جانا پڑتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں سہولیات نہ ہونے کے سبب انہیں کافی پریشانیوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایمرجنسی کی صورت میں ان علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو نجی گاڑیوں کے ذریعے پرائیمری ہیلتھ سینٹرلورن، سب ضلع ہسپتال منڈی یا پھر ضلع ہسپتال پونچھ تک پہنچانا پڑتا ہے کیوںکہ یہاں ایمبولنس کی سہولت بھی دستیاب نہیں ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس ہیلتھ سنٹر کو کئی سال قبل قائم کیا گیا تھا اس کی نئی عمارت تعمیر تو کی گئی تاہم یہاں سہولیات دستیاب نہیں ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ہم نے یہ معاملہ ضلع انتظامیہ کی نوٹس میں بھی لایا تھا جس کے بعد انہوں نے یقین دلایا تھا کہ ان کے لئے تمام تر سہولیات فراہم کی جائے گی لیکن آج تک وہ وعدہ پورا نہ ہوسکا۔ انہوں نے ایک بار پھر انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ اس ہیلتھ سنٹر کے لئے ڈاکٹر دیگر طبی عملہ تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ ایک ایمبولینس فراہم کریں تاکہ مریض کو یہاں سے دوسرے ہسپتال منتقل کرنے میں تاخیر نہ ہو اور انسانی جانوں کو بچایا جاسکے۔