سرینگر //کشمیری طلاب کو بیرون ریاستوں کے کالجوں سے معطل کرنے اور اُن کی گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے۔ بنگلور کی سوریہ نگر پولیس نے سپرتھی کالج میں زیر تعلیم 2 اور چینئی کالج کے ایک کشمیری نوجوان کوسوشل میڈیا پر ملک مخالف سرگرمیوں کی پاداش میں گرفتار کیا ہے ۔ان طلباء میں حارث منظور ، گوہر مشتاق اور ذاکر مقبول شامل ہیں ۔ تینوں کشمیری طلباء کو سنٹر ل جیل بنگلورو منتقل کیا گیا ہے۔ ادھرگریٹر نوئیڈا دہلی کے ایک کالج نے ایک کشمیری طلاب کو معطل کیا ۔آئی آئی ایم ٹی کالج آف انجینئرنگ گریٹر نوئیڈا کے چیف پراکٹر سنجے پچوری نے شکایت درج کرائی تھی۔اشفاق احمد خواجہ ساکن کپوارہ کو 16فروری کے روز کالج سے معطل کیا گیا ہے۔تاہم اشفاق نے فیس بک پر لکھا ہے کہ اُسکی فیس بک آئی ڈی ہیک ہو گئی ہے اور اس سلسلے میں اُس نے جموں وکشمیر پولیس میں ایف آئی آر بھی درج کرائی تھی۔اس دوران ایس جی ٹی یونیورسٹی آف گڑگائوں دہلی نے سوشل میڈیا پر ملک مخالف پوسٹ تحریر کرنے کی پاداش میں ایک کشمیری طالبہ کو یونیورسٹی سے خارج کر دیا ہے ۔یونیورسٹی حکام کے مطابق مذکورہ کشمیری طالبہ، جو ریڈیو امیجنگ ٹیکنالوجی کی طالبہ ہے،کیخلاف اْنہیں شکایت ملی تھی۔مذکورہ کشمیری طالبہ، اْن سات طالب علموں میں شامل ہوئی ہے جن کے داخلے مختلف اداروں میں یا تو منسوخ کئے گئے ہیں یا جنہیں معطل کیا گیا ہے۔
دو تعلیمی اداروں کی وضاحت
دہرادون کے 2 تعلیمی اداروں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے آئندہ کشمیری طلاب کو کالجوں میں ایڈمیشن نہ دینے کی بات دبائو میں آکر کی تھی جبکہ انتظامیہ کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے ۔دہرادون کے دونوں کالجوں کے مطابق پلوامہ حملے کے بعد قریب 400سے500شر پسند عناصر نے کالج کے باہر احتجاج کیا اور یہ لوگ مطالبہ کر رہے تھے کہ کشمیری طلباء کو کالج سے نکال دیا جائے اور آئندہ کسی بھی کشمیری طلباء کو داخلہ نہ دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ کالجوں کی انتظامیہ نے آئندہ کشمیری طلاب کو کالج میں داخلہ نہ دینے کی کوئی بھی پالیسی نہیں بنائی ہے اور نہ ہی ایسا کوئی فیصلہ لیا گیا ہے ۔کالجوں کی انتظامیہ نے کہا ’’ہم کشمیری طلاب کو داخلہ دینے سے کیسے انکار کر سکتے ہیں ؟کیا ہم بھارت کے آئین کے پابند نہیں ہیں؟ ۔بابا فرید الدین انسٹی ٹوٹ آف ٹکنالوجی نے بھی کہا ہے کہ اُس نے احتجاجیوں کے دبائو میں آکر ایسا فیصلہ لیا ۔ پرنسپل اسلم صدیقی نے بتایا کہ جموں وکشمیر کے قریب 450 طلباء اُن 2اداروں میں زیر تعلیم ہیں۔