کولگام//وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بندوق تباہی کی علامت اورامن خوشحالی کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اورپاکستان کی مخاصمت سے جموں وکشمیرتباہی وبربادی کامرکزبن گئی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ ’آپ مجھے امن دیں، میں مذاکرات اور مزید آر پار راستے کھولنے کی وکیل بنوں گی‘۔ کولگام میں کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا جائزہ لینے کے بعدواری پورہ کنڈکولگام میں ایک عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بندوق اورملی ٹنسی نے نہ صرف کشمیرکوتباہی دی بلکہ بندوق کی وجہ سے ہمارے نوجوانوں کامستقبل بھی تباہ ہورہاہے ۔محبوبہ مفتی نے کہا’’بندوق کشمیرسے جڑے مسائل کاحل فراہم نہیں کرسکتا‘‘۔وزیراعلیٰ کاکہناتھاکہ ہمیں یہ سمجھناپڑے گاکہ بندوق سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہونے والاہے بلکہ مسائل کے حل کیلئے مذاکرات ہی موثرذریعہ ہے ۔انہوں نے نوجوانوں سے ملی ٹنسی کی راہ اختیارنہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے خبردارکیاکہ جسقدرملی ٹنسی اورسرگرم ملی ٹنٹوں کی تعدادمیں اضافہ ہوگا،اُسی قدرکشمیرمیں سیکورٹی اہلکاروں کی تعداداورتعیناتی بھی بڑھ جائیگی ۔وزیراعلیٰ نے نوجوانوں سے براہ راست مخاطب ہوتے ہوئے کہا’بندوق سے کچھ حاصل نہیں ہوگا‘‘۔ محبوبہ مفتی کاکہناتھا’ میری مائوئو،بہنواوربیٹیو!میں آپ سے اپیل کرتی ہوں کہ آستانوں اوردرگاہوں میں جاکرکشمیرمیں امن اورخوشحالی کیلئے دعائیں کیاکریں کیونکہ بندوق کی وجہ سے نوجوانوںکی زندگیاں تباہ ہورہی ہیں اوراُنکامستقبل بھی خراب ہورہاہے ۔انہوں نے جلسے میں موجودمردوںسے جذباتی لہجے میں مخاطب ہوکرکہاکہ آپ مساجدمیں نمازاداکرنے کے بعداللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں خصوصی دعائیں کیاکریں کہ کشمیرمیں مکمل امن لوٹ آئے تاکہ ہمارے بچے اورنوجوان اپنے مستقبل کوبہتراورشانداربنانے پرہی توجہ مرکوزکرسکیں ۔ وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے کشمیرکی اندرونی اورسرحدی صورتحال پرسخت فکرمندی ظاہرکرتے ہوئے کہاکہ بھارت اورپاکستان کی دشمنی اورٹکرائوکاخمیازہ ریاست اورریاستی عوام کوبھگتناپڑرہاہے ۔انہوں نے کہاکہ ہمسایہ ممالک کی مخاصمت کے نتیجے میں کشمیرتباہی وبربادی کاایک مرکزبن گیاہے ۔انہوں نے کہاکہ امن وامان کے ماحول میں ہی تعمیراتی ،ترقیاتی اورفلاحی کاموں کی عمل آوری کومقررہ وقت کے اندریقینی بنایاجاسکتاہے اورامن کے ماحول میں ہی ہمارے بچے بچیاں اورنوجوان اپنی تعلیم اوراپنے مستقبل پرتوجہ مبذول کرسکتے ہیں ۔اسے قبل وزیراعلیٰ نے کئی سینئروزراء اورلیڈران کے ہمراہ ضلع کولگام میں جاری ترقیاتی،تعمیراتی اورفلاحی پروجیکٹوں پرجاری کاموںکی رفتار کاجائزہ لینے اورکولگام میں کانفرنس ہال کاسنگ بنیادرکھنے کے دوران یہاں جاری مختلف ترقیاتی،تعمیراتی اورفلاحی پروجیکٹوں واسکیموں پرجاری کاموں کی رفتارکے بارے میں اعلیٰ انجینئروں اورحکام سے جانکاری طلب کی ۔ محبوبہ مفتی وزیرتعمیرات نعیم اختراندرابی ،وزیربرائے امورصارفین وقبائلی امورات چودھری ذوالفقارعلی ،پی ڈی پی کے نائب صدرسرتاج مدنی اورراجیہ سبھاممبرنذیراحمدلاوے کے ہمراہ خصوصی دورے پرکولگام پہنچیں ۔