ملازمین کی من مانیاں،گلہوتہ کانگڑا میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش جاری
جاوید اقبال
مینڈھر//تحصیل مینڈھر کی پنچایت گلہوتہ کانگڑا کے وارڈ نمبر ایک میں محکمہ بجلی کے ملازمین کی مبینہ من مانی نے عوام کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ بغیر کسی اطلاع یا معقول وجہ کے پوری وارڈ کی بجلی بند کر دی گئی ہے، جس سے روزمرہ کی زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ وارڈ نمبر ایک میں کئی صارفین باقاعدگی سے بجلی کے بل جمع کرواتے ہیں، اس کے باوجود انہیں بھی اس اجتماعی سزا کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ لوگوں نے سوال اٹھایا کہ اگر کسی ایک یا دو افراد نے بل ادا نہیں کیا، تو اس کا خمیازہ پوری آبادی کیوں بھگت رہی ہے؟مقامی لوگوں نے محکمہ کے رویے کو غیر پیشہ ورانہ اور عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتے سے جاری بجلی کی بندش نے نہ صرف گھریلو زندگی کو متاثر کیا ہے بلکہ بچوں کی تعلیم، بیماروں کی دیکھ بھال اور دیگر ضروری کام بھی ٹھپ ہو گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ چند ملازمین اپنی حیثیت کا ناجائز فائدہ اٹھا کر پورے وارڈ کو سزا دے رہے ہیں، جس سے علاقے میں غصہ اور مایوسی پھیل رہی ہے۔عوام نے محکمہ بجلی کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی غیر جانبدارانہ جانچ کی جائے، ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور آئندہ اس طرح کی اجتماعی کارروائیوں سے گریز کیا جائے۔ ساتھ ہی یہ بھی اپیل کی گئی ہے کہ بقایاجات کی وصولی صرف متعلقہ صارفین سے کی جائے تاکہ دیگر افراد بلاوجہ متاثر نہ ہوں۔