ظفر اقبال
اوڑی/ /اوڑی کنٹرول لائن پر واقع بلکوٹ سے ہتھلنگا نامی گائوں جانے والی رابطہ سڑک گزشتہ کئی برس سے خستہ حال ہونے کی وجہ سے مقامی آبادی پریشان ہے۔ یہ رابطہ سڑک محکمہ پی ایم جی ایس وائی کی جانب سے تعمیر کی گئی تھی ۔اس کے بعد سڑک پر 2021 میں تار کول بھی بچھایا گیا تھا مگر یہ تار کول کچھ ہی مہینوں میں اُکھڑ گیا ،جس کی وجہ سے یہ رابطہ سڑک ابھی بھی خستہ حالت کا شکار ہے۔ مقامی لوگوں نے محکمے پی ایم جی ایس وائی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی جانب سے اس سڑک پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے جبکہ اس رابطہ سڑک پر ایک بڑی رقم صرف کرنے کے باوجود بھی اس سڑک کو ادھورا چھوڑ دیا گیا ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی کو 12 کلومیٹر تک یہ سڑک تعمیر کرنی تھی جبکہ انہوں نے چھ ہی کلومیٹر سڑک تعمیر کی۔لوگوں نے بتایا کہ تعمیر کی گئی رابطہ سڑک پر نہ ہی ڈرینیج سسٹم کابندوبست ہے اور نہ ہی حفاظتی باندھ تعمیر کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاسڑک خستہ حال ہونے سے عوام لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ یہ دور دراز اور پہاڑی علاقہ ہے۔ یہاں پر رابطہ سڑک خستہ حال ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد رفت اکثر متاثر رہتی ہے۔ ایک مقامی شہری آفتاب کوہستانی نے بتایا کہ اتنا عرصہ گزرنے کے باوحود بھی بلکوٹ سے ہتھلنگا رابطہ سڑک کا مزید تعمیر کاکام شروع نہیں کیا جاتا ہے جبکہ تعمیر شدہ چھ کلو میٹر سڑک کی چوڑائی کم ہے اور نہ ہی سڑک پر ڈریننج سسٹم ہے اور نہ حفاظتی بندھ تعمیر کئے گے ہیں۔ سڑک پر بچھایا گیا تار کول بھی اکھڑ گیا ہے اور سڑک پر بڑے گھڑے پیداہوئے ہیں۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔محکمہ پی ایم جی ایس وائے کے ایک انجینئر نے امید ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ آنے والے مئی ماہ میں اس سڑک کی مرمت کا کام شروع کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ ایجنسی کو اس سڑک کی مرمت کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔