شمالی کشمیر میں79 کاغذات نامزدگی داخل
اننت ناگ+بارہمولہ// بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کولگام کی میونسپل کمیٹی میں کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ پر کسی بھی امیدوار نے کاغذات داخل نہیں کئے ۔ جنوبی کشمیر میںمیونسپل کونسل اسلام آباد(اننت ناگ) واحد ایسا بلدیاتی ادارہ ہے،جس میں سب سے زیادہ64امیدوار انتخابات کی دوڑ میں شامل ہوگئے ہیں۔ادھر شمالی کشمیر میں دوسرے مرحلے کے تحت 4میونسپل کمیٹیوں کیلئے79امیدوار سامنے آگئے ہیں۔بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں جنوبی کشمیر کے ضلع اسلام آباد(اننت ناگ) اور کولگام میں10اکتوبر کو4میونسپل اداروں میں انتخابات ہونگے،جن میں دونوں اضلاع کے ہر دو ادارے شامل ہیں۔ان بلدیاتی اداروں میں کولگام میں میونسپل کمیٹی یاری پورہ اور فرصل جبکہ اسلام آباد(اننت ناگ) میں میونسپل کونسل بجبہاڑہ اور اسلام آباد(اننت ناگ) شامل ہیں۔ ایک سرکاری افسر نے بتایا’’ فرصل کے 13وارڈوں میں دوسرے مرحلے میں ہونے والے انتخابات کے سلسلے میں کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ تک کوئی بھی امیدوار سامنے نہیں آیا‘‘۔انہوں نے کہا کہ ضلع میںیہ واحد بلدیاتی ادارہ ہے،جہاں کوئی بھی امیدوار میدان میں نہیں ہے۔سرکاری افسر نے مزید بتایا’’یاری پورہ میونسپل کمیٹی کے6وارڈوں میں4امیدوار میدان میں ہیں‘‘،جبکہ دو وارڈوں میں کوئی بھی امیدوار میدان میں نہیں ہے۔ سرکاری افسر کے مطابق’’4وارڑوں میں صرف ایک ایک امیدوار کھڑا ہوا ہے،اور ممکنہ طور پر وہ بلا مقابلہ کامیاب ہونگے۔ ان 4 امیدواروں میں سے2کانگریس اور2 بی جے پی کے ہیں۔انتخابات کے پہلے مرحلے میںمیونسپل کمیٹی کولگام کے13وارڈوں کیلئے6امیدوارں نے کاغذات نامزدگی داخل کئے،جبکہ میونسپل کمیٹی دیوسر کے9وارڈوں میں8 امیدواروں نے شرکت کا اعلان کیا ہے۔جنوبی کشمیر میں اسلام آباد(اننت ناگ) میونسپل کونسل واحد ایسا بلدیاتی ادارہ ہے،جہاں پر سب سے زیادہ امیدوار میدان میں ہیں۔25 وارڈوں کیلئے مجموعی طور پر64 امیدوار میدان میںکود پڑے ہیں۔ذرائع کے مطابق ہر ایک وارڈ میں کم از کم 2امیدوار ہیں،جبکہ بیشتر امیدوار کانگریس اور بی جے پی سے وابستہ ہیں،تاہم آزاد امیدوار بھی اپنی قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ نقل مکانی کرنے والے پنڈتوں نے بھی انتخابات میں شرکت کیلئے کاغذات نامزدگی داخل کئے ہیں۔اس کے برعکس بجبہاڑہ میونسپل کمیٹی میں صورتحال بالکل مختلف ہے،جہاں پر17 وارڈوں کیلئے صرف5امیدوار میدان میں ہیں۔حکام کے مطابق ان میں سے3امیدوار کانگریس جبکہ2بی جے پی کے ساتھ وابستہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ12وارڈوں میں کوئی بھی امیدوار نہیں ہے،جبکہ دیگر وارڈوں میں ایک ایک امیدوار ہے۔پہلے مرحلے میں منعقد ہونے والے انتخابات کیلئے قاضی گنڈ میونسپل کمیٹی کے7 وارڈوں میں8امیدوار جبکہ کوکر ناگ میونسپل کمیٹی کے13وارڈوں میں22اور میونسپل کمیٹی اچھہ بل کے8وارڈوں میں9امیدوار میدان میں ہیں۔ادھربارہمولہ ضلع کی 4میونسپل کمیٹیوں لنگیٹ،وترگام،کنزر اور سمبل کے 46وارڑوںکیلئے جمعرات کو79امیدواروں نے اپنی نامزدگی کے فارم داخل کئے۔حکام نے بتایا کہ کانگریس کے 10،بی جے پی کے 11اور19آزاد امیدواروں نے جمعرات کو اپنی نامزدگی کے کاغذات داخل کئے۔سمبل میونسپل کمیٹی کے 13وارڑوں کیلئے40 امیدوار میدان میں آگئے ہیں۔کنزر میونسپل کمیٹی کے7وارڑوں کیلئے 9امیدوار اورمیونسپل کمیٹی وترگام کے13وارڑوں کیلئے15امیدواروں نے فارم داخل کئے۔لنگیٹ میونسپل کمیٹی کے 13وارڑوں کیلئے15امیدوار سامنے آئے ہیں۔پہلے مرحلے میں کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ منگل کو160امیدواروں نے میونسپل کونسل بارہمولہ،اور میونسپل کمیٹی بانڈی پورہ،ہندوارہ اور کپوارہ کیلئے کاغذات داخل کئے تھے۔ادھر میونسپل کمیٹی بانہال کے7 وارڈوں کیلئے 13 امیدواروں نے نامزدگی فارم داخل کئے جبکہ وارڈ نمبر ایک پر کانگریس کا امیدوار بلا مقابلہ میدان میں ہے ۔ قصبہ بانہال کے میونسپل انتخابات کیلئے کانگریس نے7 اور بھارتیہ جنتا پارٹی نے 6 امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے۔ ریٹرنگ آفیسر بانہال نے بتایا کہ 13 نامزدگی کے فارم وصول کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ7میں سے 6 وارڑوں کیلئے دو دو امیدواروں کے فارم ملے ہیں جبکہ وارڈ نمبر ایک کیلئے صرف کانگریس کا امیدوار میدان میں ہے۔
انتخابات کیلئے فول پروف سیکورٹی
کنٹرول روم میں افسران کی اعلیٰ سطحی بیٹھک
سرینگر // پنچایت اور میونسپل الیکشن کی فول پروف سیکورٹی کی فراہمی پر پولیس کنٹرول روم میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ انتخابات کیلئے ہر طرح کے حفاظتی بندوبست کو یقینی بنایا جائے۔میٹنگ میں ڈی جی پی سی آر پی ایف شری آر آر بٹناگر ، ڈی جی پی پولیس شری دلباغ سنگھ کے علاوہ میٹنگ میں اے ڈی جی پی ہیڈکوارٹرس اے جی میر ، آئی جی سی آر پی ایف آپریشنز ذوالفقار حسن، آئی جی پی پرسنل جے پی سنگھ، آئی جی پی ہیڈکوارٹر آنند جین، آئی جی پی کشمیر ایس پی پانی اوردیگر آفیسران نے شرکت کی ۔ میٹنگ کے دوران الیکشن کیلئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کا مکمل جائزہ لیاگیا تاکہ الیکشن میں کوئی دشواری پیش نہ آئے ۔میٹنگ کے دوران دو نوں سربراہان نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ تمام اہم معاملات میں روشنی ڈالی ۔آر آر بٹناگر نے بتایا کہ پولیس اور سی آر پی ایف کے بیچ سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے بہتر تال میل ہے اور مستقبل میں اسے مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ جموں و کشمیر پولیس کو امن و قانون برقرار رکھنے میں کوئی دقعت پیش نہ آئے ۔ دلباغ سنگھ نے پولیس افسران پہ زور دیا کہ امن و قانون کو صورت حال کو قابومیں رکھنے کیساتھ ساتھ حالات کو قابو میں رکھنے کیلئے تیار رہنا ہے اور اس مقصد کو حاصل کرنے کیلئے پولیس اور سی آر پی ایف کو مل جل کر اپنی ڈیوٹی سرانجام دینی ہوگی تاکہ آنے والے الیکشن احسن طریقے سے عمل میں لائے جائیں اور بہتر حفاظتی انتظامات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔