بلدیاتی انتخابات میں تاخیرکا معاملہ ایڈمنسٹریٹروں کو 2برسوں کیلئے اختیارات تفویض

 بلال فرقانی

سرینگر// جموں کشمیر انتظامیہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں میں2برسوں تک ایڈمنسٹریٹروں کو اختیارات تفویض کئے جارہے ہیں،جس کیلئے حکومت نے حکم نامہ جاری کیا ہے۔بلدیاتی اداروں کی مدت ختم ہونے اور انتخابات میں تاخیر کے علاوہ ان اداروں کیلئے سرکار کی جانب سے ایڈمنسٹریٹروں کو نامزد کرنے کے بیچ محکمہ مکانات و شہری ترقی کے پرنسپل سیکریٹری پرشانت گوئل کی جانب سے جاری آرڈر میں کہا گیا ہے کہ جموں اور سرینگر میونسپل کارپوریشنوں کے منتخب نمائندوں کی میعاد ختم ہونے اور جموں و کشمیر میونسپل کارپوریشن ایکٹ مجریہ 2000 کے دفعہ 5 کو نافذ کرنے کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکلات کو، کمشنر کی تقرری کے ذریعے متعلقہ کارپوریشنوں کے ایڈمنسٹریٹر کے طور پر دو سال کی مدت کے لیے یا کارپوریشن کے قیام تک، جو بھی پہلے ہو، دور کیا جائے گا اور وہ قانون کے تحت فراہم اختیارات کے تحت کارپوریشن کے افعال اور فرائض کا استعمال کریں گے ۔آرڈر میں کہا گیا ہے کہ یہ سمجھا جائے گا کہ اسے فوری طور پر نافذ کیا گیا ہے اور یہ دو سال کی مدت تک یا اس وقت تک نافذ رہے گا جب تک حکومت اسے منسوخ نہیں کر دیتی۔

 

انہوں نے بتایا کہ جموں و کشمیر میونسپل کارپوریشن ایکٹ مجریہ 2000 کی دفعہ 427 کے تحت مشکلات کو دور کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ آرڈر کے مطابق’’ اگر اس ایکٹ کی دفعات کو نافذ کرنے میں یا اس ایکٹ میں موجود کسی بھی چیز کی وجہ سے اس وقت کے لیے نافذ العمل کسی دوسرے قانون کو نافذ کرنے میں کوئی دشواری پیش آتی ہے تو، حکومت، موقع کی ضرورت کے مطابق آرڈر کے ذریعے ہدایت دے سکتی ہے کہ یہ ایکٹ مخصوص مدت کے دوران جاری رہے گا تاہم آغاز کے احکامات سے دو سال کی میعاد ختم ہونے سے آگے نہ بڑھانے سے مشروط ہوگا، اس کیلئے وہ از خود ترمیم یا اضافہ کرسکتی ہے۔جموں و کشمیر میونسپل کارپوریشن ایکٹ، 2000 کا سیکشن 5 کارپوریشن کی مدت فراہم کرتا ہے، جس کے مطابق کارپوریشن اس ایکٹ کے سیکشن 404 کے تحت جلد تحلیل نہ ہو جائے، تواپنی پہلی میٹنگ کے لیے مقرر کردہ تاریخ سے پانچ سال تک جاری رہے گی۔آرڈر کے مطابق کارپوریشن کی تشکیل کے لیے مدت کے ختم ہونے سے قبل یاتحلیل کی تاریخ سے چھ ماہ کی مدت ختم ہونے سے پہلے انتخاب مکمل کیا جائیں گے۔آرڈر میں تاہم کہا گیا کہ اگر تحلیل شدہ کارپوریشن کی باقی ماندہ مدت چھ ماہ سے کم رہی ہو تو اس سیکشن کے تحت اس مدت کے لیے کارپوریشن کی تشکیل کے لیے کوئی الیکشن کرانا ضروری نہیں ہوگا۔پرشانت گوئل کی جانب سے جاری حکم نامہ میں بتایا گیا کہ ہموار نظم و نسق کے مقصد سے ایکٹ کی دفعات کو نافذ کرنے اور عوام کو بڑے پیمانے پر بہتر خدمات فراہم کرنے میں دشواری پیدا ہوئی ہے لہٰذا اب، جموں و کشمیر میونسپل کارپوریشن ایکٹ، 2000 کے سیکشن 427 کے تحت حاصل اختیارات کے استعمال میں، حکومت نے جموں کشمیر میونسپل( ازالہ مشکلات) حکم نامہ جاری کیاہے۔