سرینگر//بلدیاتی اداروں میںکام کررہے عارضی ملازمین کی ایک بڑی تعداد نے بدھ ایس آر او520کی منسوخی کا مطالبے کو لیکر احتجاجی دھرنا دیا۔وادی کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اربن لوکل باڈیزکے کیجول لیبر، ڈیلی ویجر اور دیگر زمروں کے عارضی ملازمین کی ایک بڑی تعدادبدھ کی صبح پرتاپ پارک میں جمع ہوئی اور حکومت کے خلاف نعرے بازی شروع کی۔اربن لوکل باڈیز ایمپلائز یونائٹیڈ فورم کے بینر تلے ملازمین پرتاپ پارک میں قریب ایک گھنٹے تک دھرنے پر بیٹھ گئے اور بعد میں پریس کالونی کے باہر دھرنا دیا۔ احتجاجیوںنے ملازمین کی مستقلی کے حوالے بنائے گئے ایس آر او520 کی منسوخی کا مطالبہ کیا ۔مظاہرین نے ہاتھوں میں جھاڈو اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ایس آر 520منظور نہیں اور ملازمین کو مستقل کرو کے نعرے درج تھے ۔اس موقع پر اربن لوکل باڈیز ایمپلائز یونائٹیڈ فورم کے صدر منظور احمد پانپوری نے بتایا ’’ عارضی ملازمین کی مستقلی کیلئے ایس آر او520 سے حکومت نہ صرف یہاں کے ڈیلی ویجر اور کنسالڈیٹیڈ اور نیڈ بیس ورکروں بلکہ یہاں کے مستقل ملازمین میں بھی انتشار پھیلایا ہے جو سراسرملازمین کے مستقبل اور توقعات پر شب خون ہے‘‘ ۔انہوں نے بتایا کہ ملازمین کی مستقلی کے حوالے سے اگر پہلے ہی حکومت کے پاس ایس آر او64تھا جس کے تحت کئی محکموں میں ملازمین مستقل ہوئے ہیں توپھر نیا ایس آر او نکالنے کی کیا ضرورت تھی ۔انہوں نے وزیر اعلیٰ،وزیر خزانہ اور اربن لوکل باڈیز کے وزیر سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ ایس آر او کو پہلے سے موجود ایس آراو کے طرزپر مرتب کر کے ملازمین کی مستقلی عمل میں لائی جائے۔