جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے بلاک منکوٹ کی پنچایت کسبلاڈی میں بلاڈی اوپر سے محلہ سنگڈ کی طرف جانے والی سڑک کی حالت نہایت خراب ہے، جس نے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔ تین سال قبل محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے اس سڑک کی کھدائی کی گئی تھی، لیکن اس کے بعد کوئی کام نہیں کیا گیا۔علاقہ کے لوگوں نے انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سڑک کی عدم موجودگی کی وجہ سے انہیں کئی کلومیٹر پیدل سفر کرنا پڑتا ہے۔ روزمرہ کی اشیاء کی نقل و حمل ایک مشکل کام بن چکی ہے، جبکہ بیمار افراد کو کندھوں پر اٹھا کر مشکل راستوں سے لے جانا پڑتا ہے۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہ علاقہ ایک دور افتادہ اور پہاڑی علاقے میں واقع ہے، جہاں سڑک کی عدم موجودگی لوگوں کی زندگیوں کو مزید دشوار بنا رہی ہے۔ایک مقامی شخص نے کہاکہ’’ہمارے لئے ضروری ہے کہ اس سڑک کو محکمہ تعمیرات عامہ کے حوالے کیا جائے تاکہ سڑک مکمل ہو سکے اور ہمیں بنیادی سہولیات میسر آئیں‘‘۔علاقہ مکینوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ سڑک کی تعمیر کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو روزمرہ کی مشکلات سے نجات مل سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس سڑک کی عدم موجودگی نہ صرف آمد و رفت کو متاثر کر رہی ہے بلکہ صحت کی سہولیات، تعلیم اور دیگر ضروریات زندگی تک رسائی کو بھی محدود کر رہی ہے۔عوام نے کہا کہ یہ سڑک تین سال سے نامکمل پڑی ہے، جو حکومتی بے حسی کی واضح مثال ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ کئی مرتبہ متعلقہ حکام کے سامنے اٹھایا گیا، لیکن اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔علاقہ مکینوں نے امید ظاہر کی کہ حکام ان کی مشکلات کو سنجیدگی سے لیں گے اور اس سڑک کو جلد مکمل کر کے ان کی زندگیوں کو آسان بنائیں گے۔ عوام کا کہنا ہے کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے تاکہ دور دراز علاقوں میں رہنے والے افراد بھی ایک بہتر زندگی گزار سکیں۔